Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب اسلامی وزارتی کمیٹی کا اجلاس، غزہ بحران پر تبادلہ خیال

مشترکہ کمیٹی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں اجلاس کیا ہے۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے فلسطین کے ساتھ  اظہار یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں ہونے والے خصوصی اجلاس میں شرکت کی ہے۔ 
 خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق اجلاس کے دوران غزہ اور گردو نواح کے تازہ حالات اور بے قصور شہریوں کے تحفظ کی اہمیت پر توجہ مرکوز کی گئی۔ 
اجلاس کے شرکا نے فلسطینی عوام کو ان کے تمام حقوق دلانے کے حوالے سے عالمی  برادری کی سپورٹ کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
فلسطینی عوام کے حق خود ارادی اور متعلقہ بین الاقوامی قراردادوں کے مطابق خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کے حوالے سے فلسطینیوں کے حق پر بھی بحث ہوئی۔ 
علاوہ ازیں مشترکہ کمیٹی نے بدھ کو نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں اجلاس کیا ہے۔
سعودی وزیر خارجہ نے اجلاس کی سربراہی کی۔ اس میں قطر، اردن، مصر، فلسطین، ترکیہ، ملائیشیا اور امارات کے نمائندوں نے شرکت کی۔
 یاد رہے کہ اسلامی عرب سربراہ کانفرنس نے مشترکہ عرب اسلامی وزارتی کمیٹی تشکیل دی ہوئی ہے جسے او آئی سی اور عرب لیگ کا موقف دنیا بھر تک پہنچانے کی ذمہ داری دی گئی۔
اجلاس کے ایجنڈے میں غزہ کی صورتحال اور مستقل جنگ بندی کے لیے کی جانے والی کوششیں شامل تھیں۔
اجلاس میں شہریوں کے تحفظ اور بین الاقوامی انسانی قوانین کے نفاذ میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کے کردار پر زور دیا گیا۔
غزہ میں فوری انسانی امداد کی فراہمی کے لیے محفوظ چینلز کے قیام کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔

وزارتی کمیٹی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات کی (فوٹو: ایس پی اے)

 وزارتی کمیٹی کے ممبران نے سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی سربراہی میں بدھ کو نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے بھی ملاقات کی۔ 
ایس پی اے کے مطابق کمیٹی کے ارکان نےغزہ اور گردو نواح کی تازہ  صورتحال، انسانی بنیادوں پر عارضی جنگ بندی کے دوران بعض قیدیوں کی رہائی اور اپنوں میں ان کی واپسی جیسے موضوعات زیر بحث آئے۔
علاوہ ازیں فوری جنگ بندی کے لیے کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال  کیا گیا۔ بین الاقوامی و انسانی قانون کے ضوابط پر عمل درآمد کو یقینی بنانے اور شہریوں کے تحفظ کی ذمہ داری کے حوالے سے عالمی برادری کے کردار پر بات چیت ہوئی۔ 
کمیٹی کے ارکان نے فلسطینی عوام کو قابض اسرائیلی افواج کی خلاف ورزیوں سے بچانے کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد اور دو ریاستی حل سے متعلق بین الاقوامی قراردادوں کے نفاذ کے لیے امن عمل کی بحالی کی اہمیت اجاگر کی۔ 
 وزارتی کمیٹی نےعالمی برادری سے پھر مطالبہ کیا کہ ’ عالمی برادری غزہ میں بنیادی انسانی ضرورت کے سامان کی فراہمی کےلیے امدادی راہداریاں کھلوانے کے لیے تمام ضروری اور موثر اقدامات کرے‘۔
وزارتی کمیٹی نے ہر طرح کی آباد کاری اور فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کو پھر پوری قوت سے مسترد کردیا۔

شیئر: