Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عالمی برادری غزہ میں جنگ بندی کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالے، سعودی وزیر خارجہ

سعودی وزیرخارجہ نے غزہ میں جنگ روکنے کے لیے عالمی برادری کی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا(فوٹو: روئٹرز)
سعودی عرب کے وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو غزہ میں اسرائیل کی جانب سے ہونے والی خلاف ورزیوں کو روکنے کی ذمہ داری اٹھانا ہو گی۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب کے وزیرخارجہ فیصل بن فرحان نے یہ بات پیر کو چین اور اسلامی و عرب ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے دوران کہی ہے۔
سعودی وزیرخارجہ دیگر عرب ممالک کے ہم منصبوں کے ہمراہ پیر کو چین کے دارالحکومت بیجنگ پہنچے ہیں۔ یہ اقوام متحدہ کے مستقل رکن ممالک کے دوروں کے سلسلے کی پہلی کڑی ہے۔
ان دوروں کا مقصد اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کے ذریعے غزہ میں فوری جنگ بندی کو ممکن بنانا ہے تاکہ وہاں بغیر کسی رکاوٹ کے امدادی کارروائیوں کا آغاز ہو سکے۔
بیجنگ میں سفارت کاروں کے ساتھ ملاقاتوں میں شہزادہ فیصل بن فرحان نے غزہ میں جنگ روکنے اور زندگیوں کو بچانے کے لیے عالمی برادری کی مزید کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔
سعودی وزیرخارجہ نے کہا کہ ’ہم یہاں بالکل واضح پیغام دینے کے لیے آئے ہیں اور وہ یہ کہ لڑائی اور ہلاکتوں کا سلسلہ فوری طور پر بند ہونا چاہیے۔ ہمیں بغیر کسی تاخیر کے غزہ میں امدادی سامان کی ترسیل ممکن بنانی چاہیے۔‘
’ہم چین اور ان تمام ممالک کے ساتھ تعاون کے خواہش مند ہیں جو غزہ میں جنگ کے خاتمے کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں۔‘
انہوں نے 12 ہزار سے زائد افراد کی ہلاکت کا باعث بننے والی غزہ میں جاری جارحیت کے خاتمے کے لیے عالمی سطح کے ایکشن پلان کی ضرورت کی جانب اشارہ کیا۔

غزہ میں مسلسل لڑائی کی وجہ سے وہاں محصور شہریوں کو امداد اور طبی سہولیات کی فراہمی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے(فائل فوٹو: روئٹرز)

اس موقعے پر چین کے وزیرخارجہ وانگ یی نے کہا کہ چین ’مشرق وسطیٰ میں امن کی بحالی‘ کے عمل میں تعاون کے لیے تیار ہے۔
وانگ یی نے اجلاس کے افتتاحی خطاب میں کہا کہ ’آئیے ہم مل کر غزہ کی صورتحال کو معمول پر لانے اور مشرق وسطیٰ کا امن بحال کرنے کے لیے تیزی سے کام کریں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’چین کا عرب اور مسلم ممالک کے ساتھ برادرانہ اور دوستانہ تعلق‘ ہے اور ’وہ ہمیشہ سے فلسطینیوں کے قومی مفادات اور حقوق کی پر زور حمایت کرتا رہا ہے۔‘
چین کے وزیرخارجہ نے عالمی برادری سے غزہ میں جاری ’انسانی بحران‘ کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
چین میں ہونے والی ان ملاقاتوں میں سعودی عرب سمیت اردن، مصر، انڈونیشیا، فلسطین اور اسلامی تعاون تنظیم کے اعلیٰ عہدے دار شریک ہیں۔

شیئر: