Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ کی پٹی ’بدترین انسانی المیے‘ کی لپیٹ میں ہے: انتونیو گوتریس

سعودی وزیرخارجہ نے اقوام متحدہ میں صحافیوں کو بتایا کہ غزہ پہنچنے والی امداد ’ضرورت سے بہت کم‘ ہے (فوٹو: اے ایف پی)
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی اس وقت ’بدترین انسانی المیے‘ میں گھری ہوئی ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق انتونیو گوتریس نے بدھ کو یہ بیان ایسے وقت میں دیا جب فلسطینی تنظیم حماس اور اسرائیل کے درمیان عارضی معاہدے کی بجائے مستقل جنگ بندی پر زور دیا جا رہا۔
اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری نے چین کے وزیرخارجہ وانگ یی کی صدارت میں ہونے والے سکیورٹی کونسل کے اجلاس کو بتایا کہ ’اس معاہدے کی مدت بڑھانے کے لیے سنجیدہ مذاکرات ہو رہے ہیں اور ہم اس کا پرزور خیرمقدم کرتے ہیں لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ ہمیں انسانی بنیادوں پر مستقل جنگ بندی کے معاہدے کی ضرورت ہے۔‘
بدھ کو بھی فلسطین اور اسرائیل کے درمیان معاہدے کی توسیع کے لیے مذاکرات جاری رہے۔
چینی وزیرخارجہ وانگ یی نے کونسل کو بتایا کہ ’ہمیں ایک جامع اور دیرپا جنگ بندی کے لیے انتہائی تیزی کے ساتھ کام کرنا چاہیے۔ غزہ میں بھی کوئی فائر وال نہیں ہے۔ دوبارہ شروع ہونے والی لڑائی غالباً ایک آفت میں بدل جائے گی جو پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی۔‘
سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان جو مصر، قطر، اردن، ترکی، انڈونیشیا اور ملائیشیا کے ہم منصبوں کے ساتھ کھڑے تھے۔ انہوں نے اقوام متحدہ میں صحافیوں کو بتایا کہ غزہ میں پہنچنے والی امداد ’ضرورت سے بہت کم‘ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’خطرہ یہ ہے کہ اگر یہ جنگ بندی ختم ہو جاتی ہے تو ہم اسی پیمانے پر ہلاکتیں دیکھیں گے جیسا ہم پہلے دیکھ چکے ہیں۔ اور یہ ناقابل برداشت ہے لہٰذا ہم یہاں ایک واضح بیان دینے کے لیے آئے ہیں کہ عارضی جنگ بندی کافی نہیں ہے۔ جس چیز کی ضرورت ہے وہ مستقل جنگ بندی کی ہے۔‘

بدھ کو بھی فلسطین اور اسرائیل کے درمیان معاہدے کی توسیع کے لیے مذاکرات جاری رہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیل کے اقوام متحدہ میں سفیر گیلاد اردان نے وزراء خارجہ پر الزام لگایا کہ وہ ’ایک ایسی دہشت گرد تنظیم کی حمایت کر رہے ہیں جس کا مقصد اسرائیل کو تباہ کرنا ہے۔‘
گیلاد اردان نے کہا کہ ’جو بھی جنگ بندی کی حمایت کرتا ہے وہ بنیادی طور پر حماس کی غزہ میں جاری دہشت گردی کی حمایت کرتا ہے۔ حماس نسل کشی کرنے والی دہشت گرد تنظیم ہے ۔۔۔ وہ اسے چھپاتے بھی نہیں۔۔۔ (حماس) امن کے لیے قابل اعتماد شراکت دار نہیں ہے۔‘

شیئر: