Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں ایک سال سے لاش کے ساتھ رہنے والی بہنیں

خالہ کے آنے پر دروازہ نہ کھولا گیا تو انہوں نے پولیس اطلاع دی (فوٹو: انڈین ایکسپریس)
انڈیا میں دو ایسی بہنیں سامنے آئی ہیں جو ایک سال سے خاتون کی لاش کے ساتھ گھر میں رہ رہی تھیں۔
انڈین اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق واقعہ ریاست اتر پردیش کے علاقے لنکا میں پیش آیا ہے اور پولیس کا خیال ہے کہ لاش ان کی والدہ کی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اطلاع ملی تھی کہ گھر کے اندر کچھ پراسرار چل رہا ہے جس پر اہلکاروں نے وہاں جا کر تلاشی لی اور دروازہ توڑا تو سامنے لاش پڑی تھی جو ڈھانچہ بن چکی تھی۔
پولیس نے لاش کو تحویل میں لے لیا اور اس کو میڈیکل معائنے کے لیے بھجوا دیا گیا جبکہ دونوں بہنوں کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔
لنکا پولیس سٹیشن کے پولیس افسر شیواکانت مشرا کا کہنا ہے کہ لاش کا ڈی این اے بھی کروایا جائے گا۔
ان کے مطابق ’پوسٹ مارٹم اور ڈی این اے کی رپورٹس آنے کے بعد مزید کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔‘
شیواکانت مشرا کا یہ بھی کہنا تھا کہ دونوں میں سے ایک بہن نے دعوٰی کیا ہے کہ لاش ان کی والدہ کی ہے جو طویل علالت کے بعد پچھلے برس دسمبر میں چل بسی تھیں۔ اس گھر میں ان دو بہنوں کے علاوہ کوئی اور نہیں رہتا۔
خاتون نے پولیس کو بتایا کہ ’ہم نے اس وجہ سے کسی کو کچھ نہیں بتایا کہ کسی مسئلے میں نہ پھنس جائیں۔‘
دونوں بہنوں کے والد لکھنؤ میں اپنی چھوٹی بیٹی کے ساتھ رہتے ہیں۔

بہنوں کا کہنا ہے کہ ان کی والدہ پچھلے برس دسمبر میں چل بسی تھیں (فوٹو: ٹائمز آف انڈیا)

 پولیس کا کہنا ہے کہ بدھ کو ان کی پھوپھی مرزا پور سے لنکا آئیں تو دونوں بہنوں نے گھر کا دروازہ نہیں کھولا، جس کے بعد انہوں نے پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس کے پہنچنے پر بھی خواتین کی جانب سے دروازہ نہیں کھولا گیا جس پر اہلکاروں نے دروازہ توڑ دیا اور سامنے ایک چارپائی پر ڈھانچہ پڑا تھا جبکہ دونوں بہنیں گھر کے دوسرے کمرے میں موجود تھیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ معاملہ دو ماہ قبل اس وقت منظرعام پر آیا تھا جب ان کے والد وہاں آئے تھے تاہم اس وقت بھی دروازہ نہیں کھولا گیا تھا جس کے بعد وہ واپس چلے گئے تھے۔
چند روز پیشر ان کے پڑوسیوں نے ان کے والد کو بتایا تھا کہ ان کی بیٹیاں لوگوں سے پیسے اور کھانا مانگتی ہیں جس کے بعد انہوں نے اپنی بہن کو وہاں بھیجا تھا۔

شیئر: