انڈیا میں خاتون پارٹنر کو قتل کر کے اُن کے اعضا ٹکڑے کرکے کُکر میں اُبالنے والا ملزم گرفتار
پولیس کے مطابق منوج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ویدیہ کی موت خودکشی سے ہوئی (فوٹو: این ڈی ٹی وی)
انڈیا کے شہر ممبئی میں قتل کا ایک لرزہ خیز واقعہ پیش آیا ہے جس میں ملزم نے اپنی پارٹنر کو قتل کرنے کے بعد اُن کی لاش کے ٹکڑوں کو پریشر کُکر میں اُبال کر پھینک دیا۔
اس واقعے نے شردھا والکر کے قتل کی یاد تازہ کر دی ہے جنہیں اُن کے ساتھی آفتاب پونا والا نے گذشتہ سال قتل کرنے کے بعد اُن کی لاش کے ٹکڑوں کو فریزر میں رکھا اور جنگل میں دفنا دیا۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق نیا نگر پولیس سٹیشن کے ایک اہلکار نے بتایا ہے کہ مقتولہ جس کی شناخت 32 سالہ سرسوتی ویدیہ کے نام سے ہوئی، کی لاش بدھ کی رات گیتا نگر کے علاقے میں واقع رہائشی عمارت کی ساتویں منزل پر اپنے اپارٹمنٹ میں ملی۔
اہلکار کے مطابق سرسوتی ویدیہ اپنے ساتھی 56 سالہ منوج ساہنی کے ہمراہ گذشتہ تین برس سے لیو ان ریلیشن شپ میں تھیں اور اس دوران یہ جوڑا کرائے کے فلیٹ میں مقیم تھا۔
رہائشی عمارت کے مکینوں نے ویدیا منوج کے اپارٹمنٹ سے ناگوار بدبو کے بارے میں پولیس کو شکایت کی۔
ممبئی کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی) جینت بجیالے نے بتایا کہ پولیس کو اپارٹمنٹ میں پہنچنے پر گلی سڑی لاش ملی۔ ’ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ خاتون کو بے دردی سے قتل کیا گیا ہے۔‘
پولیس نے منوج ساہنی شخص کو اپنی ساتھی کو قتل کرنے اور اُن کی لاش کے کچھ ٹکڑوں کو پریشر کُکر میں ابالنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
پولیس کے مطابق منوج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ویدیہ کی موت خودکشی سے ہوئی۔
جینت بجیالے کا کہنا ہے کہ ’صورتحال بہت پریشان کن ہے، اور ہم سرسوتی ویدیہ کو انصاف دِلانے کے لیے پُرعزم ہیں۔ ہم عوام سے درخواست کرتے ہیں کہ اگر اُن کے پاس اس حوالے سے بھی معلومات ہیں جو تحقیقات میں معاون ثابت ہو سکتی ہیں، تو رابطہ کریں۔‘