سعودی عرب میں 90 فیصد افراد تفریح کے شوقین
جمعرات 30 نومبر 2023 20:55
26 فیصد نے مہنگائی کی وجہ سے تفریحی سرگرمیوں میں دلچسپی نہیں لی(فوٹو، ایس پی اے)
سعودی محکمہ شماریات کا کہناہے کہ مملکت کے 90 فیصد باشندے تفریحی سرگرمیوں میں دلچسپی لینے لگے ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق محکمہ شماریات نے توجہ دلائی کہ 15 برس اور اس سے زیادہ عمر کے 90 فیصد باشندوں نے 2022 کے وسط سے لے کر 2023 کے وسط تک بارہ ماہ کے دوران تفریحاتی مقامات یا پروگراموں سے لطف اندوز ہوئے۔
محکمہ شماریات نے ثقافتی اور تفریحاتی جائزے کے اعدادوشمار جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 15 برس اور اس سے زیادہ عمر کے 39 فیصد شہریوں نے گزشتہ 12 ماہ کے دوران سعودی عرب کے کسی نہ کسی تفریحاتی سیزن میں حصہ لیا جبکہ گزشتہ بارہ ماہ کے دوران کسی نہ کسی سعودی تفریحاتی سیزن دیکھنے والے مقیم غیرملکیوں کا تناسب 36 فیصد رہا۔
محکمہ شماریات کا کہنا ہے کہ 15 برس اور اس سے زیادہ عمر کے 13 فیصد شہری قومی تقریبات دیکھنے کے لیے پہنچے جبکہ سینما گھر جانے والے مقامی شہریوں کا تناسب گیارہ فیصد رہا۔
محکمہ شماریات نے توجہ دلائی کہ 15 سال یا اس سے زیادہ عمر کے 20 فیصد شہری ایسے ہیں جنہوں نے کسی ثقافتی پروگرام یا ثقافتی مرکز کی سیر نہیں کی۔
ان میں سے چالیس فیصد وہ ہیں جنہوں نے وقت نہ ملنے اور 26 فیصد نے مہنگائی کی وجہ سے ثقافتی سرگرمیوں میں دلچسپی نہیں لی۔