حماس پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام، اسرائیل کے غزہ پر حملے
حماس پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام، اسرائیل کے غزہ پر حملے
جمعہ 1 دسمبر 2023 8:53
حملوں کی ذمہ داری کے حوالے سے حماس کی جانب سے فوری طور پر کچھ نہیں کہا گیا۔ فوٹو: اے ایف پی
اسرائیل کی فوج نے کہا ہے کہ اس نے غزہ میں حماس کے خلاف جنگ کا دوبارہ آغاز کر دیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق جمعے کو اسرائیل نے فلسطین کے عسکریت پسند گروپ حماس پر سات روزہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اُس نے اسرائیلی علاقے پر فائرنگ کی۔
اسرائیل نے غزہ پر حملوں میں سات دن کے لیے وقفہ کیا تھا اور عبوری جنگ بندی پر عمل گذشتہ ماہ کی 24 تاریخ کو شرع ہوا تھا۔
ابتدائی طور پر پانچ روز کے لیے جنگ میں وقفے کے ذریعے یرغمالیوں کا اسرائیل میں قید فلسطینیوں کے ساتھ تبادلہ کیا تھا جس میں بعد ازاں دو بار ایک، ایک دن کے لیے توسیع کی گئی۔
اس دوران اسرائیل نے محصور غزہ کی پٹی میں انسانی امداد پہنچانے کے لیے مصر کے ساتھ رفح کراسنگ کھولنے کی اجازت دی تھی۔
مقامی وقت کے مطابق صبح سات بجے جنگ میں عبوری وقفے کے خاتمے کے قریب اسرائیل نے دعویٰ کیا کہ غزہ میں حماس کی جانب سے اسرائیلی علاقے پر راکٹ داغے گئے جن کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا تھا۔
اسرائیل کی فوج نے مزید کہا کہ جنگ بندی کے خاتمے کے وقت غزہ سے ملحق اسرائیلی علاقوں میں سائرن بجائے گئے جو راکٹ حملوں سے خبردار کیے جانے کے لیے تھے۔
فلسطین کے میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ جنگ میں عبوری وقفے کے خاتمے پر اسرائیل کی فضائیہ اور توپ خانے نے غزہ پر بمباری کی۔
حملوں کی ذمہ داری کے حوالے سے حماس کی جانب سے فوری طور پر ردعمل سامنے نہیں آیا۔
اسرائیل اور حماس کے درمیان ثالثی کرانے والے قطر اور مصر کے حکام نے گزشتہ روز ہر ممکن کوشش کی کہ جنگ میں عبوری وقفے میں توسیع کی جائے۔
جمعرات کو حماس نے آٹھ یرغمالی جبکہ اسرائیل نے جواب میں 30 فلسطینی قیدی رہا کیے تھے۔
جنگ بندی میں وقفے کے خاتمے سے قبل اسرائیلی وزیراعظم کے مشیر مارک ریگیو نے امریکی نیوز چینل سی این این کو بتایا کہ ’ہم تمام امکانات کے لیے تیار ہیں۔ اور ہم جنگ دوبارہ شروع کرنے جا رہے ہیں۔‘