کامران اکمل، راؤ افتخار انجم اور سلمان بٹ چیف سلیکٹر کے کنسلٹنٹ مقرر
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم اور پی سی بی کے کچھ عہدوں پر بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں (فوٹو: پی سی بی)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے چیف سلیکٹر وہاب ریاض کے لیے سابق کرکٹرز کامران اکمل، راؤ افتخار انجم اور سلمان بٹ کو کنسلٹنٹ مقرر کر دیا ہے۔
پی سی بی کی پریس ریلیز کے مطابق کامران اکمل، راؤ افتخار انجم اور سلمان بٹ فوری طور پر اپنی ذمہ داریوں کا آغاز کریں گے جن میں 12 جنوری سے نیوزی لینڈ میں ہونے والی پانچ میچوں پر مشتمل ٹی20 سیریز اِن کی پہلی اسائنمنٹ ہو گی۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ ’یہ تینوں اراکین سلیکشن ڈیوٹی نہ ہونے کے دنوں میں سکلز کیمپ میں اضافی ذمہ دارایاں بھی نبھائیں گے۔‘
کامران اکمل، راؤ افتخار انجم اور سلمان بٹ تینوں 2009 کا ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے رُکن تھے جو اب چیف سلیکٹر کی معاونت کے فرائض سر انجام دیں گے۔
رواں برس اکتوبر نومبر میں انڈیا میں کھیلے گئے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم اور پی سی بی کے کچھ عہدوں پر بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
ورلڈ کپ کے دوران ہی سابق کپتان انضام الحق چیف سلیکٹر کے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے جس کے بعد اس عہدے پر وہاب ریاض کو تعینات کیا گیا تھا۔
اس کے علاوہ ورلڈ کپ کے بعد بابر اعظم نے تینوں فارمیٹس کی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد شان مسعود کو ٹیسٹ اور شاہین شاہ آفریدی کو ون ڈے ٹیم کا کپتان بنایا گیا تھا۔
صرف یہی نہیں، پاکستانی ٹیم کے ڈائریکٹر کا عہدہ مکی آرتھر سے لے کر محمد حفیظ کو دیا گیا جبکہ بولنگ کوچ مورنے مورکل کے استعفے کے بعد یہ پوزیشن سابق فاسٹ بولر عمر گل کو دی گئی جبکہ سعید اجمل کو سپن کوچ کا عہدہ دیا گیا۔