Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محمد حفیظ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور وہاب ریاض چیف سلیکٹر مقرر

محمد حفیظ نے پاکستان ٹیم کے لیے آخری مرتبہ دو سال پہلے کوئی انٹرنیشنل میچ کھیلا تھا (فوٹو: گیٹی امیجز)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ کو دورہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے لیے پاکستانی ٹیم کا ہیڈ کوچ اور سابق فاسٹ بولر وہاب ریاض کو چیف سلیکٹر مقرر کر دیا گیا ہے۔
کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ ’کرک اِنفو‘ کے مطابق محمد حفیظ دورہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر کے ساتھ ساتھ ہیڈ کوچ کے عہدے پر بھی کام کریں گے۔
ٹیم کے ڈائریکٹر کا عہدہ اس سے قبل جنوبی افریقہ کے مکی آرتھر جبکہ کے ہیڈ کوچ کا عہدہ نیوزی لینڈ کے گرانٹ بریڈ برن کے پاس تھا تاہم بدھ کو بابر اعظم کے کپتانی کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد ٹیم کی مینیجمنٹ میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
’کرک انفو‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ٹیم ڈائریکٹر اور کوچ کے عہدے کو ضم کر دے گا اور اِن دونوں عہدوں پر محمد حفیظ دسمبر اور جنوری میں آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں اور نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ٹی20 میچوں میں ٹیم کے ساتھ کام کریں گے۔
43 برس کے محمد حفیظ نے پاکستان ٹیم کے لیے اپنا آخری انٹرنیشنل میچ کھیلا دو سال قبل کھیلا تھا اور وہ کسی بھی لیول پر پہلی مرتبہ کوچنگ کے فرائض سر انجام دیں گے۔
دوسری جانب اگست 2023 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے والے وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ ’کرکٹ کے معاملات کرکٹرز کے سپرد کرنا ایک اچھا قدم ہے اور میں پاکستان کرکٹ کو بہتر کرنے کی پوری کوشش کروں گا۔‘
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر محمد حفیظ سے ان کے اچھے تعلقات ہیں اور پاکستانی کرکٹ کی کامیابی کے لیے مل کر کام کریں گے۔
خیال رہے رواں سال کے آغاز تک پاکستانی ٹیم کے لیے ڈائریکٹر کا عہدہ نہیں تھا۔ اُس وقت سابق پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی نے مکی آرتھر کے ساتھ ٹیم ڈائریکٹر کے عہدے کا معاہدہ کیا تھا جس پر یہ بات طے کی گئی تھی کہ مکی آرتھر مخصوص ٹورنامنٹس اور سیریز کے لیے ٹیم کے ساتھ ہوں گے۔
جب مکی آرتھر اور گرانٹ بریڈ برن دونوں ایک ساتھ ٹیم کے ساتھ کام کرنے لگے تو پی سی بی کو یوں محسوس ہوا کہ اِن دونوں الگ عہدوں میں کوئی فرق نہیں ہے جس کے بعد بورڈ کی حاضر انتظامیہ نے ڈائریکٹر کے عہدے کو ضم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
 

بابر اعظم نے بدھ کو تینوں فارمیٹس کی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)

دورہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے لیے مکی آرتھر اور گرانٹ بریڈ برن ٹیم کے ساتھ نہیں جائیں گے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرکٹ پاکستان میں کافی ہلچل دیکھنے میں آئی۔ سب سے پہلے بابر اعظم نے تینوں فارمیٹس کی کپتانی سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا اور پھر بورڈ کی جانب سے ٹیسٹ ٹیم کے لیے شان مسعود اور ٹی20 ٹیم کے لیے شاہین شاہ آفریدی کو کپتان بنایا گیا۔
پاکستان ٹیم آسٹریلیا کے لیے 30 نومبر کو روانہ ہوگی جہاں گرین شرٹس اور کینگروز کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 14 دسمبر سے پرتھ میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 26 دسمبر کو میلبرن جبکہ تیسرا ٹیسٹ 3 جنوری سے سڈنی میں ہوگا۔
اس ٹیسٹ سیریز کے بعد پاکستانی ٹیم پانچ ٹی20 میچ کھیلنے نیوزی لینڈ جائے گی۔

شیئر: