Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بجلی کے بل کی عدم ادائیگی، آسٹریلیا اور انڈیا کے درمیان ٹی20 میچ کے لیے جنریٹرز کا استعمال

جمعے کو انڈیا اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جا رہے میچ میں فلڈ لائٹس کے لیے جنریٹرز کو استعمال کیا جا رہا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلیا اور انڈیا کے درمیان جاری پانچ ٹی20 میچز پر مشتمل سیریز کا چوتھا میچ جمعے کو رائے پور میں کھیلا جا رہا ہے۔
انڈین میڈیا کے مطابق رائے پور کے شہید ویر نرائن سنگھ سٹیڈیم میں بجلی کا مسئلہ درکار ہے جس کے باعث سٹیڈیم کے ایک بڑے حصے کو بجلی کی سہولت مہیا نہیں ہے۔
رائے پور کے سٹیڈیم میں بجلی کی عدم فراہمی کی وجہ 2009 سے واجب الادا بجلی کے بل ہیں۔
انتظامیہ کو اس سٹیڈیم کا 3 کروڑ 16 لاکھ انڈین روپے کا بجلی کا بل ادا کرنا ہے۔
سٹیڈیم کی تعمیر کے بعد اس کی مینٹینس پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈی) کے حوالے کی گئی تھی جبکہ سٹیڈیم کے باقی اخراجات کی ادائیگی سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے ذمہ تھی تاہم دونوں محکمے بلوں کی عدم ادائیگی کا الزام ایک دوسرے پر لگا رہے ہیں۔
بجلی کے بلوں کی عدم ادائیگی کے باعث اس سٹیڈیم کی بجلی پانچ برس قبل کاٹ دی گئی تھی جس کے بعد سٹیڈیم کو عارضی طور پر بجلی کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
اس ساری صورتحال کے بعد جمعے کو انڈیا اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جا رہے میچ میں فلڈ لائٹس کے لیے جنریٹرز کو استعمال کیا جا رہا ہے۔
رائے پور کے سٹیڈیم میں بجلی کے مسائل نئے نہیں ہیں۔ 2018 میں اسی سٹیڈیم میں ہونے والی ہاف میراتھن ریس کے شرکاء کو بھی مقابلے کے دوران بجلی کی بندش کا سامنا کرنا پڑا۔
ہاف میراتھن کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا تھا کہ سٹیڈیم کے بجلی کے بل 2009 سے ادا نہیں کیے گئے۔
چھتیس گڑھ کرکٹ سنگھ (سی ایس سی ایس) کے میڈیا کواڈینیٹر تارونیش سنگھ پاریہار نے بجلی کے مسائل کے باعث اس سٹیڈیم میں انٹرنیشنل میچز کروانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
تارونیش سنگھ کے مطابق بڑے میچز کے لیے سٹیڈیم کو جنریٹرز کا سہارا لینا پڑتا ہے۔

شیئر: