Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وراٹ کوہلی کا ون ڈے اور ٹی20 کرکٹ سے ’وقفہ‘ لینے کا فیصلہ، ٹیسٹ کھیلیں گے

حالیہ ورلڈ کپ میں وراٹ کوہلی نے 11 اننگز میں 765 رنز بنائے تھے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
حالیہ ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے انڈین بیٹر وراٹ کوہلی نے محدود اوورز کی کرکٹ سے ’وقفہ‘ لینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
’انڈین ایکسپریس‘کے مطابق وراٹ کوہلی نے انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو آگاہ کردیا ہے کہ وہ 10 دسمبر سے جنوبی افریقہ میں شروع ہونے والی ٹی20 سیریز کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔
تاہم اخبار کا دعویٰ ہے کہ وراٹ کوہلی جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں ٹیسٹ میچز کھیلتے ہوئے ضرور نظر آئیں گے۔
خیال رہے حالیہ ورلڈ کپ میں وراٹ کوہلی نے 11 اننگز میں 765 رنز بنائے تھے جس میں تین سینچریاں بھی شامل تھیں۔
ایک ذریعے نے انڈین اخبار کو بتایا کہ ’کوہلی نے بی سی سی آئی اور سلیکٹرز کو مطلع کردیا ہے کہ وہ وائٹ بال کرکٹ سے وقفہ لینا چاہتے ہیں اور وہ خود فیصلہ کریں گے کہ انہوں نے کب وائٹ بال کرکٹ میں واپس آنا ہے۔‘
’فی الحال انہوں نے بی سی سی آئی کو مطلع کیا ہے کہ وہ ریڈ بال (ٹیسٹ) کرکٹ کھیلیں گے جس کا مطلب یہ ہے کہ وہ جنوبی افریقہ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں میں سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گے۔‘
اس سے قبل وراٹ کوہلی اور کپتان روہت شرما کو ورلڈ کپ سے قبل ستمبر میں آسٹریلیا کے خلاف پہلے دو ون ڈے میچوں میں آرام دیا گیا تھا۔

شیئر: