ورلڈ کپ ٹرافی پر پاؤں، مقصد دل آزاری کرنا نہیں تھا: مچل مارش
کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا نے انڈیا کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر چھٹی مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر لیا تھا (اے ایف پی)
انڈیا میں کھیلے گئے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کو جیتنے کے بعد آسٹریلوی ٹیم کے آل راؤنڈر مچل مارش کی ایک تصویر وائرل ہوئی تھی جس نے ایک نئے تنازعے کو جنم دیا تھا۔
اس تصویر میں مچل مارش کو ٹرافی پر پاؤں رکھے ہوئے دیکھا گیا تھا جس کے بعد انڈیا میں سابق کھلاڑیوں اور شائقین سمیت باقی عوام کی جانب سے شدید تنقید دیکھنے میں آئی تھی کہ مچل مارش کے اس عمل سے انڈین عوام کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔
آل راؤنڈر پر ورلڈ کپ کی ٹرافی کی بے عزتی کرنے اور اُس کی پامالی کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق اس تنازعے کے دو ہفتوں بعد بالآخر مچل مارش کی جانب سے بھی بیان سامنے آگیا ہے۔
آسٹریلیا کے نشریاتی ادارے ایس ای این سے بات کرتے ہوئے مچل مارش نے بتایا کہ اُن کے اس عمل کا مقصد کسی کی دل آزاری کرنا نہیں تھا۔
مچل مارش کہتے ہیں کہ ’اس فوٹو کا ہرگز مقصد کسی کی دل آزاری کرنا نہیں تھا۔ میں نے اُس کے بارے میں زیادہ سوچا بھی نہیں ہے۔ میں نے سوشل میڈیا اتنا زیادہ نہیں دیکھا لیکن سب مجھے بتا رہے ہیں وہ فوٹو وائرل ہو چکی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’اُس میں ایسا کچھ بھی نہیں ہے (یعنی مچل مارش کا مقصد دل آزاری کرنا نہیں تھا)۔‘
مچل مارش سے جب پوچھا گیا کہ کیا وہ دوبارہ کبھی ایسے کریں گے؟ تو اس کے جواب میں وہ کہتے ہیں کہ ’سچ بتاؤں تو، ہاں میں شاید ایسے دوبارہ کروں گا۔‘
دوسری جانب مچل مارش کے اس فوٹو پر گزشتہ ہفتے انڈیا کی ریاست اتردیش کے شہر علی گڑھ میں ہندو سیاسی جماعت بھرشتاچار ورودھی سینا کے صدر پنڈت کیشوو دیو نے آل راؤںڈر کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا تھا۔
اس کے علاوہ عوامی حلقوں کی جانب سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ آسٹریلوی آل راؤنڈر اپنے اس عمل پر معافی مانگیں۔
خیال رہے 19 نومبر کو احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا نے انڈیا کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر چھٹی مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر لیا تھا۔