دبئی: آپٹیکل سینٹر کے برطرف ملازم نے ٹک ٹاک پر بدلہ لیا، مالک نے معاف کردیا
مالک نے عدالتی فیصلے سے قبل برطرف ملازم کو معاف کردیا ( فوٹو: الشرق الاوسط)
متحدہ عرب امارات دبئی میں ایک برطرف ملازم نے آپٹیکل سینٹر کے مالک سے ٹک ٹاک پر بدلہ لیا تاہم متاثرہ مالک نے اسے معاف کردیا۔
الامارات الیوم کے مطابق سابق ملازم نے ٹک ٹاک پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں آپٹیکل سینٹر کے مالک کے خلاف بدزبانی کی گئی۔
سوشل میڈیا پوسٹ میں آپٹیکل سینٹر کو’ فراڈ‘ قرار دیتے ہوئے صارفین کو وہاں نہ جانے کا مشورہ دیا۔
آپٹیکل سینٹر کے مالک نے ٹک ٹاک پوسٹ سے پہنچنے والے نقصان کے بعد پولیس میں رپورٹ درج کرائی۔ پبلک پراسیکیوشن نے برطرف ملازم کا کیس عدالت بھیج دیا۔
آپٹیکل سینٹر کے مالک نے سوشل میڈیا کے ذریعے توہین کا الزام لگایا اور اپنے دعوے کے حق میں ثبوت پیش کیے۔
بعدازاں مالک نے برطرف ملازم کو ناقابل برداشت سزا سے بچانے کے لیے عدالتی فیصلے سے قبل اسے معاف کردیا۔
مالک نے صلح نامہ عدالت میں پیش کیا جس پر کیس عدالت سے خارج کردیا گیا۔