Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں ایئر فورس کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ، دونوں پائلٹ ہلاک

یہ پائلٹس کی بنیادی تربیت کے لیے استعمال ہونے والا ایک انجن والا پلاٹس پی سی 7 ایم کے ٹُو ایئر کرافٹ تھا (فائل فوٹو: ایئر لائنر ڈاٹ نیٹ)
انڈیا کی ریاست تلنگانہ میں انڈین ایئر فورس کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے اور اس میں سوار دونوں پائلٹس کی بھی موت واقع ہوئی ہے۔
پیر کو انڈین ایئر فورس(آئی اے ایف) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے سرکاری اکاؤنٹ پر اس حادثے کی تصدیق کی ہے۔
انڈین ایئر فورس کے مطابق یہ واقعہ پیر کو ریاست تلنگانہ کے میدک ضلعے کی حدود میں پیش آیا۔
طیارے نے حیدرآباد کی ایئر فورس اکیڈمی سے معمول کی تربیتی اڑان بھری تھی۔
اس حادثے میں ایک ٹرینر پائلٹ اور ان کا شاگرد ہلاک ہو گئے ہیں۔
انڈین ایئر فورس کے مطابق اس حادثے میں کسی سویلین کا جانی و مالی نقصان نہیں ہوا ہے۔
یہ ایک انجن والا ’پلاٹس پی سی 7 ایم کے ٹُو‘ ائیر کرافٹ تھا جو عام طور پر ایئر فورس کے پائلٹس کی بنیادی تربیت کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
ایئر فورس نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
انڈیا کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے حادثے میں ہلاک ہونے والے پائلٹوں کے خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’حیدرآباد کے قریب پیش آنے والے حادثے پر افسردہ ہوں۔ یہ انتہائی افسوس ناک ہے کہ دونوں پائلٹ ہلاک ہو گئے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یہ صدمے کا لمحہ ہے۔ میرے احساسات متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔‘

شیئر: