Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنگلورو: انڈیا بمقابلہ آسٹریلیا میچ کے دوران ’پاکستان زندہ باد‘ کے نعرے، دو افراد گرفتار

بنگلورو کے ایک کلب میں میچ کی لائیو سکریننگ کے دوران نعرے بازی ہوئی۔ فوٹو: اے ایف پی
انڈیا اور آسٹریلیا کے درمیان بنگلورو میں ہونے والے ٹی 20 میچ کے دوران مبینہ طور پر پاکستان کے حق میں نعرے لگانے والے دو افراد کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ 
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق گرفتار افراد کی شناخت 28 سالہ عنایت اور 25 سالہ سید مبارک کے طور پر کی گئی ہے جو بنگلورو کے علاقے نیو گروپنا پالیا کے رہنے والے ہیں۔ 
ایک پولیس افسر نے انڈین میڈیا کو بتایا کہ یہ واقعہ جمعے کی رات تقریباً ساڑھے دس بجے جے پی نگر کے موکا ہولک کلب میں پیش آیا، جہاں انڈیا اور آسٹریلیا کے درمیان چوتھے ٹی20 میچ کے لیے لائیو سکریننگ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ 
شکایت کنندہ پب مینیجر سدھیر سنگھ کے مطابق ’جیسے ہی میچ ختم ہوا تو ایک شخص نے بھارت ماتا کی جے کا نعرہ لگایا اور ساتھ والی میز پر بیٹھے تین سے چار افراد نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا۔‘
کلب میں موجود لوگوں نے جب نعروں پر اعتراض کیا تو جھگڑا شروع ہو گیا۔
ہنگامہ آرائی کے دوران دو لوگ بھاگنے میں کامیاب ہو گئے جبکہ عنایت اور مبارک پکڑے گئے جس کے بعد پولیس انہیں اپنے ساتھ لے گئی۔ 
ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ تیسرے ملزم الطاف اور ایک نامعلوم شخص کو گرفتار کرنے کی کوششیں جاری ہیں جو ابھی تک مفرور ہیں۔ 
جے پی نگر پولیس نے انڈین پینل کوڈ کی دفعہ 153 (اے) (مذہب، نسل، جائے پیدائش، رہائش، زبان وغیرہ کی بنیاد پر مختلف گروہوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دینا) اور 505 (2) (نفرت انگیز مواد کی اشاعت) کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔  

شیئر: