Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’لڑنا نہیں چاہتے‘، سنی دیول پاکستان انڈیا دوستی کے خواہاں

’غدر 2‘ 11 اگست کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈین اداکار سنی دیول کا کہنا ہے کہ پاکستان اور انڈیا کے شہری محبت اور امن چاہتے ہیں لیکن دونوں ممالک کے درمیان سیاسی کھیل ’نفرتوں‘ کو جنم دیتا ہے۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق اپنی فلم ’غدر 2‘ کے ٹریلر لانچ کے سلسلے میں ہونے والی تقریب کے دوران سنی دیول کا کہنا تھا کہ پاکستان اور انڈیا کے عوام ایک دوسرے سے لڑائی نہیں چاہتے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ سب انسانیت کا سلسلہ ہے، یہاں کوئی لڑائی نہیں ہونی چاہیے کیونکہ انڈیا اور پاکستان دونوں ہی طرف ایک دوسرے کے لیے پیار ہے۔‘
سنی دیول کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ سیاسی کھیل ہے جو نفرتوں کو جنم دیتا ہے۔ لوگ نہیں چاہتے کہ ہم ایک دوسرے کے ساتھ لڑیں کیونکہ تعلق تو ہمارا ایک ہی مٹی سے ہے۔‘
خیال رہے کہ سنی دیول انڈیا کی ریاست پنجاب کے شہر گُرداس پور سے انڈین پارلیمنٹ کے رکن بھی منتخب ہوئے تھے۔
ان کی فلم ’غدر‘ 2001 میں ریلیز ہوئی جس میں انہوں نے تارا سنگھ کا کردار ادا کیا تھا جسے ایک پاکستانی لڑکی سکینہ (امیشا پٹیل) سے محبت ہوجاتی ہے۔
اس فلم کے دوسرے حصے یعنی ’غدر 2‘ میں بھی سنی دیول اور امیشا پٹیل اپنے پُرانے کرداروں میں نظر آئیں گے۔
اپنی فلم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سنی دیول کا کہنا تھا کہ ’میں امید کرتا ہوں کہ لوگوں کو یہ فلم پسند آئے گی اور آپ دلوں پر نہ صرف اثر کرے گی بلکہ آپ کے خاندانوں میں بھی جوش بھر دے گی۔‘
ان کے مطابق ’دنیا میں محبت سے بڑی کوئی طاقت نہیں۔‘
’غدر 2‘ 11 اگست کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

شیئر: