Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئندہ نسلیں فلموں میں لانیکا خواب پورا ہوا، دھرمیندر

ممبئی .... بالی وڈ کے ”ہی ۔مین“ کے نام سے پہچانے جانے والے اداکاردھرمیندر نے کہا کہ ان کا خواب تھا کہ کپور خاندان کی طرح ان کی آئندہ نسلیں بھی فلموں میں آئیں۔ اپنے فلمی کیریئر میں250سے زیادہ فلمیں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والے دھرمیندر پہلی بار بین الاقوامی شارٹ فلم میں اداکاری کر رہے ہیں جس کا نام ’ڈریم کیچر‘ ہے۔ فلم کے سلسلے میں نئی دہلی پہنچے دھرمیندر نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بالی وڈ میں کپور خاندان کو ’فرسٹ فیملی‘ کہا جاتا ہے اور جب وہ ان کی فلمیں دیکھتے تو سوچتے تھے کہ کاش ان کی آئندہ نسل بھی فلموں میں آئے۔ دھرمیند سے جب پوچھا گیا کہ کپور خاندان کے بعد دیول خاندان کی بھی 3 نسلیں ایک ساتھ کام کر رہی ہیں ، تو انہوں نے کہاکہ میرے پوتے کرن دیول کے فلموں میں قدم رکھنے سے میرا خواب پورا ہو رہا ہے۔ میں پرتھوی راج کپور کی فلمیں کافی دیکھتا تھا، ان کے کام کو راج کپور نے شاندار طریقے سے آگے بڑھایا جس میں ان کا ساتھ شمی اور ششی کپور نے بخوبی دیا۔ اس وقت میرا بھی خواب تھا کہ میرے بیٹے اور ان کی اگلی نسلیں بھی فلموں میں آئیں۔دھرمیندر نے کہا کہ اپنے خواب کو حقیقت میں تبدیل کرنے کے لیے انہوں نے کبھی سنی دیول ، بابی یا ایشا دیول پر دباﺅ نہیں ڈالا بلکہ انہوں نے خودفلموں میں دلچسپی دکھائی۔ ایسا ہی کرن کے ساتھ بھی ہوا۔ اس نے بھی خود مجھ سے کہا کہ وہ اداکاری کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیریئر کے معاملے میں آپ کسی پر دباﺅنہیں ڈال سکتے لیکن شاید قسمت کو یہی منظور تھا۔’ڈریم کیچر‘ کے بارے میں پوچھے جانے پر دھرمیندر نے کہا کہ اس فلم کا موضوع مجھے پسند آیا، نئی نسل ہائی ٹیک ہو رہی ہے جس کے مضر اثرات یہ ہیں کہ وہ معاشرے سے دور ہو رہے ہیں۔ کمپیوٹر اور سوشل میڈیا کی ایجاد اس لئے کی گئی تھی کہ لوگ اس کا صحیح استعمال کریں گے، چیزیں آسان ہو جائیں گی لیکن لوگ اس پر ضرورت سے زیادہ وقت دے رہے ہیں۔ یہی نہیں اپنے خاندان اور ماضی سے لاتعلق ہوتے جا رہے ہیں۔یہ فلم اسی موضوع پر مبنی ہے۔ دھرمیندر نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ اس فلم کے ذریعے ہی لوگوں کو کچھ پیغام دیا جاسکتا ہے۔ 

شیئر: