سعودی خاتون ’جڑی بوٹیوں سے صابن اور خوشبویات‘ تیار کر رہی ہیں
خاتون نے اپنے شوق کو پیشے میں تبدیل کرنے کے لیے متعدد ٹریننگ کورس کیے۔ (فوٹو: سبق)
سعودی خاتون فاطمہ الموینع الجوف ریجن میں پائی جانے والی خوشبودار جڑی بوٹیوں سے خوشبویات تیار کر رہی ہیں۔
خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق فاطمہ الموینع کا تعلق الجوف ریجن کے شہر سکاکا سے ہے۔ جہاں وہ اپنے گھر میں جڑی بوٹیوں سے عطر کشید کرنے والا سسٹم لگائے ہوئے ہیں۔
سعودی خاتون کا کا کہنا ہے کہ ’الجوف میں انواع و اقسام کی خوشبو والی جڑی بوٹیاں ہوتی ہیں۔ ایسی خودرو جڑی بوٹیاں بھی ہیں جو عام طور پر بارش کے بعد پیدا ہوتی ہیں۔‘
فاطمہ الموینع نے کہا کہ ’وہ جڑی بوٹیوں سے مختلف قسم کی خوشبویات، صابن اور شیمپو تیار کررہی ہیں۔ ان کی طلب مسلسل بڑھ رہی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ عطر، شیمپو اور صابن قدرتی اجزا پر مشتمل ہوتے ہیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’انہیں الجوف کی جڑی بوٹیوں سے خوشبویات تیار کرنے کا شوق پانچ برس قبل ہوا۔‘
’اپنے شوق کو پیشے میں تبدیل کرنے کے لیے طائف میں متعدد ٹریننگ کورس کیے۔ جس سے پودوں کو کشید کرکے خوشبو تیار کرنے کے طریقے معلوم ہوئے۔‘
فاطمہ الموینع کا کہنا ہے کہ ’وہ جو صابن، شیمپو یا خوشبویات تیار کرتی ہیں وہ ان کی اپنی دریافت ہیں۔ ہر ایک کا نام بھی اپنے طور پر رکھا ہے۔‘