مدینہ منورہ کے نئے گورنر شہزادہ سلمان بن سلطان کون ہیں؟
’شہزادہ سلمان بن سلطان عسکری اور سفارتی شعبے میں طویل تجربہ رکھتے ہیں‘ ( فوٹو : سبق)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کے حکم پر شہزادہ سلمان بن سلطان کو مدینہ منورہ کا گورنر مقرر کیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق شہزادہ سلمان بن سلطان عسکری اور سفارتی شعبے میں طویل تجربہ رکھتے ہیں۔
انہوں نے کنگ عبد العزیز عسکری کالج سے 1417 ہجری میں بیچلر کی ڈگری حاصل کی ہے۔
کالج سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد انہیں واشنگٹن میں سعودی سفارتخانے کے ملٹری اتاشی کے شعبے میں منتقل کردیا گیاجہاں انہوں نے کئی سال خدمات انجام دیں۔
بعد ازاں واشنگٹن میں سعودی سفیر شہزادہ بندر بن سلطان بن عبد العزیز کی ہدایت پر انہیں سفیر کے دفتر میں خدمات انجام دینے کی ذمہ داری تفویض کی گئی۔
1424 ہجری میں شاہی فرمان کے ذریعہ شہزادہ سلمان بن سلطان کی خدمات عسکری شعبے سے سفارتی شعبے میں منتقل کردی گئیں اور انہیں وزارت خارجہ میں بحیث قائم مقام وزیر ذمہ داری دی گئی۔
بعد ازاں سعودی کابینہ نے انہیں وزارت خارجہ میں اول درجے کا قائم مقام وزیر متعین کردیا۔
1432 میں شاہی فرمان جاری ہوا جس میں شہزادہ سلمان بن سلطان کواینٹیلی جینس کونسل میں نائب سکریٹری جنرل کی ذمہ داری دی گئی۔
1434 میں شاہی فرمان کے ذریعہ شہزادہ سلمان بن سلطان کو نائب وزیر دفاع کے منصب پر فائز کیا گیا۔
واضح رہے کہ گورنر مدینہ منورہ شہزادہ سلمان، سابق ولی عہد شہزادہ سلطان بن عبد العزیز کے صاحبزادے ہیں۔