Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پوتن بمقابلہ پوتن، روسی صدر خود کو دیکھ کر حیران ’میں صرف ایک ہوں‘

آرٹیفشل انٹیلیجنس (اے آئی) کے ذریعے بنائی گئی صدر پوتن کی شبیہہ اُن سے باتیں کر رہی تھی۔ فوٹو: اے ایف پی
روسی صدر ولادیمیر پوتن کا سامنا ایک ایسے ولادیمیر پوتن سے ہوا ہے جس نے ان کو کسی حد تک لاجواب کر دیا۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ماسکو میں صدر پوتن کی ایک سالانہ نیوز کانفرنس کے دوران حاضرین اس وقت حیران رہ گئے جب سکرین پر روسی صدر  پوتن کی شکل اور آواز والا ایک اور شخص ابھرا۔
یہ دراصل آرٹیفشل انٹیلیجنس (اے آئی) کے ذریعے بنائی گئی باتیں کرتی شبیہہ تھی۔ اس کانفرنس میں ویڈیو لنک کے ذریعے درجنوں کی تعداد میں کالرز نے روسی صدر سے سوالات پوچھے۔
پروگرام میں دلچسپ صورت حال اس وقت پیدا ہو گئی جب سکرین پر ولادیمیر پوتن ہی نمودار ہوئے اور اپنا تعارف کرایا۔
انہوں نے صدر پوتن سے کہا کہ ’ہیلو، میں سینٹ پیٹرزبرگ یونیورسٹی کا ایک سٹوڈنٹ ہوں، میں آپ سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ آپ کی شکل کے کتنے لوگ موجود ہیں۔‘ اس کے ساتھ ہی ہال میں موجود لوگوں کے ہنسنے کی آوازیں سنائی دیں۔
اے آئی شخصیت کی جانب سے یہ بھی پوچھا گیا کہ ’آپ آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور نیورل نیٹ ورکس کے ذریعے ہماری زندگی میں آنے والے خطرات کو کس نظر سے دیکھتے ہیں؟‘
چار گھنٹے سے جاری اس پروگرام میں سامنے آںے والے اس سوال پر صدر پوتن کی جانب سے کچھ ہچکچاہٹ کا مظاہرہ دیکھا گیا۔
تاہم انہوں نے کہا کہ ’مجھے نظر آ رہا ہے کہ آپ میری طرح ہیں اور میری ہی آواز میں بات کر رہے ہیں، میں نے اس بارے میں سوچا اور اس نتیجے پر پہنچا کہ میری طرح صرف ایک شخص ہو سکتا ہے اور میری آواز میں بات کر سکتا ہے اور وہ صرف میں خود ہوں۔‘
اس کے بعد کچھ توقف اور سوچنے کے بعد روسی صدر نے یہ بھی کہا کہ ’بائے دا وے یہ میرا پہلا ڈبل ہے۔‘

اے آئی ڈبل نے صدر پوتن سے کہا کہ ’ہیلو، میں سینٹ پیٹرزبرگ یونیورسٹی کا ایک سٹوڈنٹ ہوں۔‘ فوٹو: سکرین گریب

دنیا میں عام طور پر اور مغربی دنیا کے میڈیا میں خاص طور پر ایسی افواہیں موجود ہیں کہ اصل صدر پوتن کے علاوہ ان کی شکل، جسامت اور آواز کا ایک یا اس سے زیادہ افراد موجود ہیں اور ان کو صحت کے مسائل درپیش ہونے کے بعد ان کی جگہ عوامی مقامات پر ہونے والی تقریبات میں جاتے ہیں۔
ایسی افواہوں کی روس کے صدارتی دفتر کریملن کی جانب سے سختی سے تردید کی گئی اور بتایا گیا کہ صدر پوتن مکمل طور پر صحت مند ہیں۔

شیئر: