Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پرتھ ٹیسٹ کا دوسرا روز: پاکستان کو مزید 355 رنز درکار، عامر جمال کی چھ وکٹیں

ٹیسٹ ڈیبیو پر بولر عامر جمال نے 6  کھلاڑی آؤٹ کیے: فوٹو اے ایف پی
 پرتھ ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنائے ہیں۔ 
پاکستان کو آسٹریلیا کی پہلی اننگز کا خسارہ ختم کرنے کے لیے مزید 355 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی آٹھ وکٹیں باقی ہیں۔ 
میزبان ٹیم آسٹریلیا میچ کے دوسرے دن 487 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔
پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق اور امام الحق نے اننگز کا آغازکیا اور 74 کے مجموعی سکور پر نیتھن لائن کی گیند پر عبداللہ شفیق 42 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
123 کے مجموعی سکور پرمچل سٹارک نے کپتان شان مسعود 30 رنز پر کیچ آؤٹ کر دیا۔
دوسرے دن جب کھیل ختم ہوا تو اس وقت کریز پر امام الحق 38 اور نائیٹ واچ مین خرم شہزاد سات رنز کے ساتھ موجود تھے۔  
آسٹریلیا کی پہلی اننگز اور عامر جمال کی چھ وکٹیں
آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور جمعے کو پانچ وکٹوں کے نقصان پر 346 رنز پر اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا۔
ٹیسٹ ڈیبیو پر بولر عامر جمال کی عمدہ بولنگ کے نتیجے میں میزبان ٹیم 141 رنز کا اضافہ ہی کر سکی۔
ٹیسٹ ڈیبیو پر بولر عامر جمال نے 6  کھلاڑی آؤٹ کیے جس میں ڈیوڈ وارنر کی وکٹ بھی شامل ہے جنھوں نے  16 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 164 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے عثمان خواجہ کو 41 جبکہ فہیم اشرف نے مارنس لبوشین کو 16 رنز پر آؤٹ کیا جبکہ خرم شہزاد نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پلیئنگ الیون میں کپتان شان مسعود سمیت امام الحق، عبداللّٰہ شفیق، بابر اعظم، سعود شکیل، سرفراز احمد، سلمان علی آغا، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، عامر جمال اور خرم شہزاد شامل ہیں۔
ٹیسٹ میچ میں فاسٹ بولر خرم شہزاد اور عامر جمال ٹیسٹ ڈیبیو کر رہے ہیں
آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیزیز کا دوسرا ٹیسٹ 26 دسمبر کو میلبرن اور تیسرا 3 جنوری سے سڈنی میں کھیلا جائے گا۔

 ڈیوڈ وارنر نے  16 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 164 رنز بنائے: فوٹو اے ایف پی

خیال رہے یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہے اور پاکستانی ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر دو میچ کھیلنے کے بعد 100 فیصد کامیابی کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے۔
آسٹریلوی ٹیم میں کپتان پیٹ کمنز، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، مارنوس لبوشین، سٹیو سمتھ، مچل مارش، ٹریوس ہیڈ، الیکس کیری اور مچل سٹارک شامل ہیں۔
پاکستان کے خلاف پہلے میچ کے لیے نیتھن لائن اور جوش ہیزل ووڈ بھی آسٹریلوی ٹیم کا حصہ ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان کے نئے ٹیسٹ کپتان شان مسعود آسٹریلیا میں پرائم منسٹرز ایلیون کے خلاف وارم اپ میچ میں ڈبل سینچری بنا چکے ہیں۔
آسٹریلیا روانہ ہونے سے پہلے کپتان شان مسعود نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا تھا کہ آسٹریلیا کے ساتھ ٹیسٹ سیریز ایک چیلنج ہے، وہاں کی کنڈیشنز پاکستان سے مختلف ہیں مگر جیت کے لیے پُرعزم ہیں۔

شیئر: