ریاض میں دنیا کی پہلی گلوبل لیبر مارکیٹ کانفرنس، پاکستان کی بھی شرکت
تقریب میں 40 ممالک کے چھ ہزار سے زائد شرکا اور نمائندوں نے شرکت کی (فوٹو: وزارت سمندر پار پاکستانیز)
پاکستان کے نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز جواد سہراب ملک نے کہا ہے کہ پاکستانی لیبر اس قابل ہے کہ وہ عالمی لیبر مارکیٹ کی طلب کو احسن طریقے سے پورا کر سکتی ہے۔
سنیچر کو وزارت سمندر پار پاکستانیز کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق جواد سہراب ملک نے سعودی عرب میں دنیا کی پہلی گلوبل لیبر مارکیٹ کانفرنس (جی ایل ایم سی) میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
معاون خصوصی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کے پاس غیر ہنر مند، نیم ہنر مند، اور انتہائی ہنرمند کارکنوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی لیبر ورک فورس عالمی جاب مارکیٹ کے تقاضوں اور ضروریات کو پورا کرنے کے لیے بالکل تیار ہے۔
گلوبل لیبر مارکیٹ کانفرنس کی میزبانی سعودی عرب کی وزارت برائے انسانی وسائل اور سماجی ترقی کی جانب سے ریاض کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل کنونشن سینٹر میں کی گئی۔
تقریب میں 40 ممالک کے چھ ہزار سے زائد شرکا اور نمائندوں نے شرکت کی۔
دوسری جانب صحافیوں کے ساتھ گفتگو کے دوران نگراں معاون خصوصی جواد سہراب ملک نے سعودی حکومت کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلسل تبدیلیوں سے ہم آہنگ ہونے کے لیے بین الاقوامی ملازمتوں کی منڈیوں کو بہتر بنانے کی سعودی عرب کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔