Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مثبت بات یہ ہے کہ کل کسی کو بھی میچ دیکھنے کے لیے صبح اٹھنا نہیں پڑے گا‘

یہ پاکستان کی ٹیسٹ میچوں میں آسٹریلیا کے خلاف آسٹریلیا میں مسلسل 15ویں شکست تھی (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان جاری تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 360 رنز سے شکست دے دی ہے۔
پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف پرتھ میں بدترین شکست پر ٹیم کے مداح جہاں مایوس ہیں، وہیں اُن کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر طنز و تنقید سے بھرپور تبصرے بھی دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
پرتھ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں 450 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 89 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔
اس شکست کے بعد پاکستانی ٹیم آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے ٹیبل پر دوسرے نمبر پر آگئی ہے۔
اسد نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’شان مسعود کو میڈیا مینیجر بناؤ، اُن کی کمیونیکیشن سکلز کا بہتر استعمال ہو سکے گا کیونکہ وہ پلیئنگ الیون میں جگہ بنانے کے حقدار نہیں ہیں۔‘
 
کاظمی نے اپنی ٹویٹ میں تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ٹور کے آغاز سے پہلے، حفیظ نے کہا تھا کہ جو بھی ہوگا، وہ اُس کی ذمہ داری لیں گے۔ دیکھتے ہیں اب وہ کیا کرتے ہیں۔‘
 
ہارون لکھتے ہیں کہ ’وہ دن چلے گئے جب بابر اعظم کی بیٹنگ دیکھنا ذہنی طور پر سکون دیتا تھا لیکن اب مجھے صرف گھبراہٹ ہوتی ہے اور اُن کے آؤٹ ہونے کا ڈر لگا رہتا ہے اور پھر جب وہ اپنی وکٹ گنواتے ہیں تو درد ہوتا ہے اور خوف آتا ہے۔‘
 
بروکن نیوز نامی ٹوئٹر ہینڈل نے اپنی ٹویٹ میں کپتان شان مسعود سے منسوب فرضی بیان لکھا کہ ’ٹیم میں گرامر کی غلطیاں ہیں، جلد قابو پا لیں گے، کپتان شان مسعود۔‘
 
تیمور زمان نے اپنی ٹویٹ میں طنزیہ انداز میں لکھا کہ ’مثبت بات یہ ہے کہ کل کسی کو بھی میچ دیکھنے کے لیے صبح اٹھنا نہیں پڑے گا۔‘
 

 

شیئر: