Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلم ’اینیمل‘ میں بوبی دیول کی اہلیہ کا پاکستان سے تعلق کیا؟

شفینا شاہ کے والد کا تعلق انڈیا سے تھا۔ (فوٹو: شفینا شاہ/انسٹاگرام)
بوبی دیول اور رنبیر کپور کی فلم سپرہٹ ’اینیمل‘ پاکستان اور انڈیا میں توجہ کا مرکز ہے اور شائقین کی جانب سے فلم کی کہانی کو سراہا بھی جا رہا ہے جبکہ کچھ لوگ اس پر تنقید بھی کر رہے ہیں۔
مین سٹریم میڈیا اور سوشل میڈیا پر ’اینیمل‘ میں کام کرنے والی اداکارہ شفینا شاہ کے بھی بہت چرچے ہیں جنہوں نے فلم میں بوبی دیول کی دوسری اہلیہ کا کردار نبھایا ہے۔
شفینا شاہ انگلینڈ میں پیدا ہوئیں لیکن اُن کی والدہ عطیہ شاہ کا آبائی تعلق پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے علاقے کوہاٹ سے ہے۔
انڈین میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران شفینا شاہ نے تصدیق کی ہے کہ وہ لندن میں پیدا ہوئیں لیکن اُن کی والدہ پشتون ہیں جن کا تعلق پاکستان کے علاقے کوہاٹ سے ہے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ اُن کی والدہ بعد میں انگلینڈ منتقل ہوئی تھیں جہاں انہوں نے حاجی اسماعیل راج محمد پٹیل سے شادی کی۔
شفینا شاہ کے والد حاجی اسماعیل راج محمد پٹیل کا تعلق انڈیا سے تھا اور انہیں شوبز انڈسٹری میں ’راج پٹیل‘ کے نام سے جانا جاتا تھا۔
فلم ’اینیمل‘ میں کام کرنے والی اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ ’میرے والدین اداکار تھے اور انہیں انڈسٹری نے ہی مِلوایا۔‘
شفینا بھی اپنے والدین کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے شوبر انڈسٹری میں قدم رکھا جہاں وہ گذشتہ کئی برسوں سے بطور اداکارہ، ماڈل اور ٹی وی میزبان کام کر رہی ہیں۔
شفینا شاہ اس سے قبل ایک پاکستانی شارٹ فلم ’لاہور ٹو لندن‘ میں بھی کام کر چکی ہیں جبکہ وہ شاہ رخ خان سے ساتھ ایک اشتہار میں بھی جلوہ گر ہوئی تھیں۔

شیئر: