سعودی عرب 150 گیگا واٹ بجلی برآمد کرنے کے لیے تیار: وزیر توانائی
ہر سال 20 گیگا واٹ بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ ہے ( فوٹو:عاجل)
سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب 130 گیگا واٹ برقی توانائی برآمد کرنے کی صلاحیت حاصل کر چکا ہے خواہ وہ ہائیڈروجن ذرائع یا گرین انرجی سے ہو۔‘
اخبار24 کے مطابق شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان 23 ویںسمارٹ گرڈز کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس کا عنوان ’مستقبل کے نیٹ ورکس کی جانب‘ تھا۔
وزیر توانائی نے مزید کہا ’ہمارا منصوبہ ہے کہ ہر سال 20 گیگا واٹ بجلی پیدا کی جائے جس کی جانب تیزی سے کام جاری ہے۔ پیداواری صلاحیت 2030 تک 120 گیگا واٹ تک پہنچ جائے گی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’مملکت میں موجود صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں استعمال کرنے کے لیے ہر سطح پر کام کیا جا رہا ہے، سیکھنے اور اس پر عمل کرنے کو یقینی بنانے کے لیے جد و جہد کی سفر جاری ہے۔‘
دبئی میں ’کوب 28 ‘ کانفرنس کے حوالے سے شائع مضامین پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیر توانائی نے کہا ’اس تبدیلی کے حوالے سے مملکت کا موقف حیران کن نہیں، یہ اس امر کی یقین دہانی کرتا ہے کہ جو دبئی میں مملکت نے گرین سعودی عرب مہم کے حوالے سے اپنے ارادے کا اظہار کیا تھا، یہ تبدیلی اسی جانب بہترین انداز میں جاری ہے۔‘
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’مملکت تمام شعبوں میں مثالی انداز میں آگے بڑھنے کے لیے پرعزم ہے۔‘