Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پوری دنیا کو انرجی سکیورٹی پر توجہ دینی چاہیے: سعودی وزیر توانائی

سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا کہ ’طلب اور رسد کی پیش گوئیاں ہمیشہ قابل اعتماد نہیں ہوتیں۔‘ ( فوٹو: روئٹرز)
سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا ہے کہ ’پوری دنیا کو انرجی سکیورٹی پر توجہ دینی چاہیے۔‘
العربیہ نیٹ اور عرب نیوز کے مطابق پیر کو کینیڈا میں منعقد ورلڈ پٹرولیم کانگریس سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا کہ عالمی تیل کی منڈیوں کو عدم استحکام سے بچانے کے لیے نرم تنظیم درکار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’افراط زر کا مسئلہ حل کرنے کے لیے سینٹرل بینک کی کارروائیوں، یورپی ممالک کی شرح نمو اور چین کی درخواست کے بارے میں مسلسل بے یقینی والی صورتحال ہے۔‘ 
انہوں نے مزید کہا کہ ’پائیدار تیل کی منڈیاں ہی انرجی سکیورٹی کا بنیادی ستون ہیں۔‘ 
 ’ہم چاہتے ہیں کہ پیشگی اقدامات کریں اور محتاط رہیں۔ ہمارا ہدف تیل کے نرخ نہیں بلکہ عدم استحکام کو ممکنہ حد تک کم کرنا ہے۔‘ 
سعودی وزیر توانائی نے کہا ’اگرتیل کی سپلائی عمدہ منصوبہ بندی کے ساتھ نہیں ہوگی تو دنیا توانائی کے ایک بحران سے نکل کر دوسرے بحران میں پھنس جائے گی۔ ماحول دوست بجلی اور گرین ہائیڈروجن کی پیداوار کے لیے شراکتی پروگراموں کی ضرورت ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’طلب اور رسد کی پیش گوئیاں ہمیشہ قابل اعتماد نہیں ہوتیں۔‘
انہوں نے کہا ’ ہم قیمتوں کو ہدف نہیں بناتے بلکہ ان کے اتار چڑھاو کو محدود کرتے ہیں‘۔

شیئر: