کنا یاری، ’رکشے والے کو کیسے بتاؤں یہ ہمارا گانا ہے‘
منگل 19 دسمبر 2023 11:56
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے ایوا بی رکشے میں سوار ہیں اور ڈرائیور نے گلوکارہ کا مشہور گانا 'کنا یاری' لگایا ہوا ہے (فوٹو اے ایف پی)
گلوکاروں اور مداحوں کا آمنا سامنا تو ہوتا ہی رہتا ہے اور ایک گلوکار کے لیے اس سے اچھا اور کوئی احساس نہیں ہوتا جب کوئی ان کے گانوں سے محظوظ ہوتا ہے۔
ایسا ہی ایک واقعہ پاکستانی ریپ گلوکارہ ایوا بی کے ساتھ پیش آیا جنہوں نے اپنے انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ ایک رکشے میں سوار ہیں اور ڈرائیور نے رکشہ میں ان کا گایا ہوا گانا ’کنا یاری‘ لگا رکھا ہے۔
برقعے میں ملبوس گلوکارہ رکشے میں اپنے ہی گانے سے لطف اندوز ہوتے ہوئے ویڈیو بنارہی ہیں لیکن رکشہ ڈرائیور کو یہ معلوم نہیں کہ جو گانا وہ سن رہا ہے اس کی گلوکارہ پیچھے بیٹھی ہیں
ایوا بی نے ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’اب میں رکشے والے کو کیسے بتاؤں کہ یہ ہمارا گانا ہے۔‘
انسٹاگرام پر ایوا کی یہ ریل کافی وائرل ہوچکی ہے اور اسے 2 ملین سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔