سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد وانسانی خدمات کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ سے منگل کو ریاض میں ملائیشیا کے سفیر داتوک وان زیدی وان نے ملاقات کی ہے۔
خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں جنوب مشرقی ایشیائی ملک میں امدادی منصوبوں اور انسانی ہمدردی کے کاموں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملائشیا کے سفیر نے شاہ سلمان مرکز کے ذریعے دنیا بھر میں ضرورت مند افراد کی مدد کےلیے سعودی کوششوں کی تعریف کی اور ریاض میں قائم مرکز کو بین الاقوامی سطح پر انسانی کاموں کےلیے اہم پلیئر قرار دیا۔
علاوہ ازیں شاہ سلمان مرکزکے تحت مختلف ملکوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
شاہ سلمان مرکز نے یمن کے شہر مکلا میں طبی پروگرام کا آغاز کیا ہے۔ طبی ماہرین نے کینسر کے ٹیومر والے 24 بچوں کا معائنہ کیا۔
افریقی ملک چاڈ میں سعودی ایجنسی نے کھجور کے دوہزار پیکٹ تقسیم کیے جن سے بارہ ہزار افراد کو فائدہ پہنچا ہے۔
مرکز کے تحت چاڈ کی نو ریاستوں میں 300 ٹن کھجوریں تقسیم کی جائیں گی۔