الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے ’بلّے‘ کا انتخابی نشان واپس لے لیا ہے۔ فیصلے کے نتیجے میں بیرسٹر گوہر خان پارٹی کے چیئرمین بھی نہیں رہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جمعہ کو پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنایا گیا۔
مزید پڑھیں
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ’پی ٹی آئی نے اپنے انتخابات پارٹی آئین کے مطابق نہیں کروائے۔ مقررہ مدت کے اندر الیکشن نہ کروانے کی وجہ سے پی ٹی آئی کی الیکشن کمیشن میں رجسٹریشن ختم ہوگئی ہے اس لیے پارٹی سے بلے کا نشان واپس لیا جاتا ہے۔‘
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری فیصلے میں بتایا گیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کی۔ پانچ رکنی بینچ نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کو کالعدم قرار دیا۔
واضح رہے کہ جمعرات کو پشاور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو 22 دسمبر تک پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کے حوالے سے دائر درخواستوں پر فیصلہ سنانے کی ہدایت کی تھی۔
اس فیصلے کے بعد جو سوال سب سے زیادہ پوچھا جا رہا ہے وہ یہی ہے کہ اب پاکستان تحریک انصاف کا مستقبل کیا ہوگا اور آٹھ فروری 2024 کو ہونے والے انتخابات میں حصہ لینے کے لیے پارٹی کے پاس کون کون سے آپشنز موجود ہیں؟
الیکشن کمیشن کے فیصلے کے فوری بعد پاکستان تحریک انصاف نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اسے لندن پلان کا حصہ قرار دیا ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ ’لاڈلہ سمجھتا ہے کہ تحریک انصاف اور بلے کی موجودگی میں وہ انتخاب نہیں جیت سکتا۔ بیٹ ابھی مرا نہیں بلکہ بیٹ زندہ ہے اور ہم آٹھ فروری کا الیکشن جیتیں گے۔‘

اپنے ردعمل میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ’ہمیں اس سازش کا علم تھا۔ ہم ہائی کورٹ سے رجوع تو کریں گے اور ٹکٹ جمع کروانے کی تاریخ سے پہلے اپنا نشان واپس لے لیں گے لیکن ہائی کورٹ کو خود بھی اس معاملے میں مداخلت کرنی چاہیے۔‘
سیاسی اور آئینی ماہرین نے اس فیصلے کو پاکستان تحریک انصاف کے لیے ایک بڑا سیٹ بیک قرار دیا ہے۔
ماہر قانون حافظ احسان کھوکھر ایڈووکیٹ نے اردو نیوز کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ ’یقیناً یہ تحریک انصاف کے لیے یہ ایک بڑا دھچکہ ہے اور وہ اس فیصلے کی توقع نہیں کر رہے تھے۔‘
’تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات کالعدم قرار دیے جانے کے بعد اس وقت پارٹی کا کوئی سربراہ بھی موجود نہیں۔ تحریک انصاف چاہے تو وہ اس فیصلے کو آئین کے تحت ہائی کورٹ میں چیلنج کر سکتی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’اگر مقررہ وقت میں تحریک انصاف کو ریلیف نہیں ملتا تو ایسی صورت میں اُنہیں آزاد امیدوار کھڑے کرنا پڑیں گے اور ضروری نہیں ہے کہ ہر حلقے میں انہیں ایک جیسا انتخابی نشان ملے، لہٰذا تحریک انصاف کا ووٹر تذبذب کا شکار ہو سکتا ہے۔‘
