سعودی عرب میں ٹیکسیوں کی تعداد کیوں بڑھنے لگی؟
2022 میں سعودی عرب میں ٹیکسیوں کی تعداد میں 11 فیصد اضافہ ہوا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں گزشتہ برس کے دوران ٹیکسیوں کی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث ان کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ایپ ٹیکسی سروس کی طلب میں اضافے کی وجہ مختلف شہروں میں سیاحتی سیزن اورتفریحی پروگرام ہیں۔
الاقتصادیہ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال 2022 میں سعودی عرب میں ٹیکسیوں کی تعداد میں 11 فیصد اضافہ (32 ہزار گاڑیاں) ریکارڈ کیا گیا۔
ٹیکسیوں کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 19 ہزار ہوگئی جبکہ 2021 میں یہ تعداد 2 لاکھ 87 ہزار تھی۔
2022 میں ٹیکسیوں کے استعمال میں بھی اضافہ ہوا۔ اعداد و شمار کے مطابق ٹیکسیوں کے 70.7 ملین ٹرپ ریکارڈ کیے گئے جبکہ سال 2021 میں ٹرپس کی تعداد 65 ملین تھی۔
اس حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے اضافے کی متعدد وجوہات ہیں جن میں تفریحی سیزن اورسیاحوں کی آمد کے علاوہ مختلف تفریحی وتجارتی مراکز میں ٹیکسی سٹینڈ کی سہولت بھی ہے۔
ریاض ریجن میں ٹیکسیوں کی طلب میں غیرمعمولی اضافے کے بعد سڑکوں پر ٹریفک ازدحام کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
سڑکوں پر بڑی تعداد میں ٹیکسیوں کی موجودگی کے باعث خاصی دقت کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس کی وجہ مختلف مقامات پر مخصوص ٹیکسی سٹینڈز کا نہ ہونا ہے۔