کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا عمل مکمل، آج سے جانچ پڑتال ہوگی
انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو 13 جنوری کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
ملک میں اگلے سال 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت ختم ہوگیا ہے ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کے لیے ہزاروں کاعذات نامزدگی جمع کرائے گئے۔
کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے اتوار ساڑھے چار بجے تک کا وقت مقرر تھا۔
مقررہ وقت کے خاتمے کے بعد الیکشن کمیشن حکام نے کاعذات نامزدگی جمع کرانے کے وقت میں اضافہ نہیں کیا۔ تاہم آر او اور ڈی آر او آفس کے احاطے کے اندر موجود امیدواروں سے کاعذات وصول کیے گئے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کے ناموں کی فہرست 25 دسمبر کو جاری کی جائے گی۔
آج (پیر) سے 30 دسمبر تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔
شیڈول کے مطابق تین جنوری 2024 کو امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کے منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلوں کے لیے مختص کیا گیا ہے، جبکہ 10 جنوری کو اپیلوں پر اپیلیٹ اتھارٹی کےفیصلے کا آخری دن ہو گا۔
شیڈول کے مطابق 11 جنوری کو امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرستیں جاری کی جائیں گی جبکہ 12 جنوری کاغذات نامزدگی واپس لینے کے لیے آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے۔
انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو 13 جنوری کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے اور آٹھ فروری کو ملک بھر میں پولنگ ہو گی۔
11 جنوری کونظرثانی شدہ فہرستیں جاری کی جائیں گی، جبکہ امیدوار 12جنوری تک کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔
اتوار کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے اہم امیدوار
مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 130 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ خرم دستگیر خان نے این اے 78 گوجرانوالہ کی نشست کے لیے کاغذات جمع کرائے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ڈاکٹر یاسمین راشد نے بھی این اے 130 سے اپنے کاغذات جمع کرائے جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے اقبال احمد خان، جماعت اسلامی کی جانب سے صوفی خلیق اور احمد بٹ اور جے یو آئی کی طرف سے مولانا سلیم اللہ قادری نے کا غذات نامزدگی جمع کرائے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے این اے 194 لاڑکانہ سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے این اے 150 ملتان سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے بھی کراچی سے این اے 249 کی نشست پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں، سربراہ ایم کیوایم نے این اے 248 اور این اے 250 سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔