Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میلبرن ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں آسٹریلیا کے چھ آؤٹ، پاکستان پر241 رنز کی سبقت

ڈیوڈ وارنر صرف چھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے (فوٹو: اے ایف پی)
ملیبرن میں دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز سکور کیے ہیں۔
جمعرات کو ابتدائی سیشن میں آسٹریلیا کے چار کھلاڑی یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوگئے تھے۔
16 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد مچل مارش اور سٹیو سمتھ نے بیٹنگ لائن کو سہارا دیا۔ دونوں کے درمیان شراکت داری اس وقت ختم ہوئی جب مارش 96 کے سکور پر میر حمزہ کی گیند پر پہلی سلپ میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد سٹیو سمتھ نے نصف سینچری سکور کی اور دن کے اختتامی لمحات میں شاہین آفریدی کی گیند پر آغا سلمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
دوسری اننگز میں عثمان خواجہ بغیر کوئی رنز بنائے اور مارنس لبوشین چار رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ دونوں وکٹیں شاہین آفریدی نے حاصل کیں۔
میر حمزہ نے دو گیندوں پر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے آسٹریلیا کی مڈل آرڈر بیٹنگ کو دھچکہ پہنچایا۔
انہوں نے ڈیوڈ وارنر اور ٹریوس ہیڈ کو پویلین بھیجا۔ وارنر نے چھ رنز سکور کیے جبکہ ہیڈ بغیر کوئی رنز بنائے پہلی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔
اس سے پہلے میچ کا تیسرا دن شروع ہوا تو پاکستان نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز سے اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا جبکہ کریز پر عامر جمال اور محمد رضوان موجود تھے۔
215 کے مجموعی سکور پر رضوان 42 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے اور ان کے بعد شاہین شاہ آفریدی نے عامر جمال کے ساتھ  مل کر اننگز کو سہارا دیا۔ 
شاہین شاہ آفریدی نے 21 رنز بنائے جبکہ عامر جمال 33 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے اور پہلی اننگز میں پوری ٹیم 264 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 318 رنز سکور کیے تھے جبکہ پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 264 رنز بنا سکی تھی۔

شیئر: