سابق وزیراعظم عمران خان، سابق سپیکر راجہ پرویز اشرف، سابق وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان اور سابق وفاقی وزیر مراد سعید سمیت متعدد سیاسی رہنما الیکشن کمیشن آف پاکستان کے نادہندہ نکلے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسران کو ان رہنماؤں کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے سے پہلے جرمانہ وصول کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
مزید پڑھیں
اردو نیوز کو دستیاب الیکشن کمیشن کی جانب سے ریٹرننگ افسران کو لکھے گئے مراسلے کے مطابق قومی اور صوبائِی اسمبلیوں اور مقامی حکومتوں کے انتخابات کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیاں کی گئیں جس پر امیداروں اور سرکاری عہدیداران کی جانب سے جرمانہ عائد کیا گیا لیکن انھوں نے وہ جرمانہ جمع نہیں کروایا۔
الیکشن کمیشن نے جرمانے کے خلاف ان سیاست دانوں کی اپیلوں کو مسترد کر دیا ہے۔
مراسلے کے ساتھ ریٹرنگ افسران کو نادہندہ افراد کی فہرست فراہم کی گئی ہے اور تاکید کی گئی ہے کہ آر او کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے دوران جرمانہ کی وصولی کو یقینی بنائیں۔
اس فہرست کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان چار مرتبہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کے مرتکب ٹھہرے تھے اور ان پر دو لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا لیکن وہ تاحال نادہندہ ہیں۔ سابق وزیر اعظم تین مقامی حکومتوں اور ایک قومی اسمبلی کے انتخابات کے دوران ضابطہ اخلاق کے مرتکب ہوئے تھے۔
اسی طرح سابق وزیراعلی محمود خان پر ضابطہ اخلاق کی تین خلاف ورزیوں پر ڈیڑھ لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا تھا لیکن وہ بھی تاحال نادہندہ ہیں۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف پر بھی 50 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا لیکن انہوں نے بھی ادائیگی نہیں کی تھی۔
سابق وفاقی وزیر مراد سعید ایک لاکھ روپے کے نادہندہ ہیں۔ ان کے علاوہ سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری، علی گوہر بلوچ، اعظم خان سواتی بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نادہندہ ہیں۔
![](/sites/default/files/pictures/December/36481/2023/mahmood_khan.jpg)