مملکت میں رواں برس 158 ہزار گھریلو کارکنوں کا اضافہ
گھریلو مرد و خواتین کارکنوں کی مجموعی تعداد 3.58 ملین تک پہنچ گئی۔ (فوٹو: عکاظ)
سعودی عرب میں سرکاری اداروں کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مملکت میں رواں برس 158 ہزار گھریلو کارکنوں کا اضافہ ہوا ہے۔
گھریلو کارکنوں کی تعداد میں ہونے والا اضافہ گزشتہ برس 2022 کے مقابلے میں 4.4 فیصد ہے جس کے بعد مملکت میں گھریلو مرد و خواتین کارکنوں کی مجموعی تعداد 3.58 ملین تک پہنچ گئی۔
عکاظ اخبار نے سرکاری اعداد وشمار کے حوالے سے رپورٹ میں کہا کہ رواں برس کی تیسری سہہ ماہی کے اختتام پر ایک ملین سے زائد گھریلو ملازماؤں کا اضافہ ہوا جو 9.5 فیصد ہے۔
گزشتہ برس 2022 کی تیسری سہ ماہی کے اختتام پر گھریلو خواتین ملازماؤں کی تعداد 965 ہزار تھی۔
وزارت افرادی قوت کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا کہ گھریلو کارکن ’مرد‘ کی تعداد میں بھی گزشتہ 12 ماہ میں 67 ہزار کارکنوں کے اضافہ کے بعد یہ تعداد 2.68 ملین تک پہنچ گئی۔
گزشتہ برس ان ہی دنوں کے اعداد و شمار کے مطابق یہ تعداد 2.61 ملین تھی۔
گھریلو ملازمین اور صفائی ملازمین کی تعداد میں بھی 6 فیصد اضافہ ہوا جبکہ گھریلو ڈرائیوروں کی تعداد میں بھی 23 ہزار کے اضافے کے بعد مرد گھریلو ڈرائیور 1.8 ملین ہو گئے۔
خادماؤں کی تعداد میں بھی اس سال 10 فیصد اضافہ ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 91 ہزار سے بڑھ کر 1.05 ملین ہو گئی ہے۔