غزہ پر اسرائیل کے فضائی حملے میں سابق فلسطینی وزیر مذہبی امور ہلاک
اتوار 31 دسمبر 2023 18:05
سابق وزیر المغازی پناہ گزین کیمپ پر ایک حملے میں ہلاک ہوئے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
حماس کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ’ اتوار کو غزہ کی پٹی میں ہونے والے اسرائیل کے فضائی حملے میں سابق فلسطینی وزیر ہلاک ہوگئے‘۔
عرب نیوز نے فلسطینی خبر رساں ادارے وفا اور وزارت صحت کے حوالے سے بتایا ’فلسطینی اتھارٹی کے سابق وزیر برائے مذہبی امور یوسف سلام وسطی غزہ کی پٹی میں المغازی پناہ گزین کیمپ پر ایک حملے میں ہلاک ہوئے‘۔
فلسطینی اتھارٹی کے صدرمحمود عباس کی پارٹی الفتح کے قریبی سمجھے جانے والے یوسف سلام نے فروری 2005 سے مارچ 2006 تک وزیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔
انہوں نے یروشلم کے قدیم شہر میں مسجد اقصی کے خطیب کے طور پر بھی فرائض ادا کیے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے سابق فلسطینی وزیر کی ہلاکت پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔
اسرائیل نے سات اکتوبر کو جنوبی اسرائیل پر فلسطینی عسکریت پسندوں کے غیرمعمولی حملے کے بعد غزہ کی پٹی میں حماس کےخلاف آپریشن کا آغاز کیا تھا۔
اسرائیل کی جانب سے فراہم کردہ داعداد وشمار کے حوالے سے اے ایف پی نے بتایا ’عسکریت پسندوں کے حملوں میں اب تک ایک ہزار 140 افراد ہلاک ہوئے جن میں بیشترعام شہری تھے‘۔
حماس کے زیر انتظام غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیل کی جانب سے غزہ پر جاری حملوں میں اب تک 21 ہزار 800 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔