Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فہرستوں کا تبادلہ، ’انڈین جیلوں میں 418 پاکستانی شہری قید ہیں‘

دفتر خارجہ کے مطابق ’حکومت پاکستان نے 231 انڈین قیدیوں کی فہرست اسلام آباد میں انڈین ہائی کمیشن کے نمائندے کو فراہم کی ہے۔‘ (فائل فوٹو: عرب نیوز)
پاکستان اور انڈیا نے سفارتی ذرائع کے ذریعے ایک دوسرے کی حراست میں موجود قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا ہے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق  پیر کو فہرستوں کا بیک وقت تبادلہ سنہ 2008 کے قونصلر رسائی کے معاہدے کے تحت ہوا۔
اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک کا ایک دوسرے کی حراست میں موجود قیدیوں کی فہرستوں کا ہر سال یکم جنوری اور یکم جولائی کو تبادلہ کرنا ضروری ہے۔
دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق ’حکومت پاکستان نے 231 انڈین قیدیوں (47 سویلین قیدی اور 184 مچھیرے) کی فہرست اسلام آباد میں انڈین ہائی کمیشن کے نمائندے کو فراہم کی ہے۔‘
’انڈین حکومت نے انڈین جیلوں میں قید پاکستانیوں کی فہرست نئی دہلی میں پاکستان ہائی کمیشن کے ایک افسر کو فراہم کی ہے۔ فہرست کے مطابق انڈین جیلوں میں 418 پاکستانی قیدی ہیں۔ ان میں 337 سویلین قیدی اور 81 مچھیرے ہیں۔‘
دفتر خارجہ نے انڈین حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ان تمام پاکستانی شہری قیدیوں اور مچھیروں کو رہا کرے اور وطن واپس بھیجے، جو اپنی متعلقہ سزا پوری کر چکے ہیں اور جن کی قومی شناخت تصدیق شدہ ہے۔
انڈین حکومت سے 1965 اور 1971 کی جنگوں کے لاپتہ دفاعی اہلکاروں کو قونصلر رسائی دینے اور 77 سول قیدیوں تک خصوصی قونصلر رسائی کی درخواست بھی کی گئی ہے۔

شیئر: