Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عام انتخابات: وزارت خارجہ کو غیر ملکی مبصرین کو مدعو کرنے کے اقدامات کرنے کا حکم

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزارت خارجہ سے کہا ہے کہ بین الاقومی مبصرین کو آئندہ عام انتخابات کی شفافیت کے مشاہدہ کے لیے مدعو کرنے کے سلسلے میں  تمام ضروری  اقدامات کرے۔
منگل کی شام کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کا اجلاس چیف الیکشن کمشنر جناب سکندر سلطان راجہ  کی سربراہی  میں ہوا۔
بیان کے مطابق اجلا س میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ غیر ملکی مبصرین  کی جن تنظیموں نے الیکشن کمیشن کو  آئندہ عام انتخابات  کے دوران انتخابی عمل کے مشاہدہ کی  درخواست کی ہے، ان کے کیس  کو فوری طور پر  پراسس کیا جائے۔
کمیشن نےسیکرٹری الیکشن کمیشن  کی سربراہی میں 16 اکتوبر 2023 کو بین الوزارتی اجلاس بلانے کی بھی ہدایت کر دی۔ اجلاس میں وزارت خارجہ، وزارت داخلہ اور دیگر اداروں کے سیئنر افسران شریک ہوں گے اور عالمی مبصرین کےحوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل  طے کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن نے تمام سٹیک ہولڈرز  بشمول وزارت خارجہ، وزرات داخلہ اور دیگر اداروں سے  فوکل پرسنز  کی تفصیل مانگ لی۔
اس کے علاوہ  کمیشن نے صوبائی سطح  پر الیکشن  کمیشن کی طرف سے جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر ایڈمن  کو چاروں صوبوں میں فوکل مقرر کیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے عالمی مبصرین  کے لیے ضابطہ اخلاق  کی منظوری  بھی دی ہے اور  اسے فوری طور پر شائع  کرنے کی اجازت دی  ہے۔
الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات کے انتظامات کا بھی جائزہ  لیا اور اس پر اطمینان کا اظہار کیا اور حکم دیا  کہ الیکشن سے متعلق  تمام امور شیڈول کے مطابق مکمل کیے جائیں۔
اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگر سینیئر افسران نے شرکت کی ۔ 
 

شیئر: