سعودی عرب میں مرد ملازمین زیادہ ڈیوٹی دیتے ہیں یا خواتین؟
سعودی خواتین کی ڈیوٹی کا دورانیہ 7.6 گھنٹے ریکارڈ کیا گیا (فوٹو: اخبار 24)
سعودی سروے اتھارٹی کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ’ مملکت میں مرد ملازمین کی ڈیوٹی کا دورانیہ خواتین کی نسبت سے زیادہ ہے‘۔
اخبار 24 کے مطابق ڈیوٹی سروے رپورٹ میں کہا گیا کہ’ سعودی کارکن اوسطا 7.9 گھنٹے یومیہ ڈیوٹی دیتے ہیں جبکہ ان کے مقابلے میں سعودی خواتین کی ڈیوٹی کا دورانیہ 7.6 گھنٹے ریکارڈ کیا گیا‘۔
مملکت میں غیرملکی کارکنوں کی ڈیوٹی کا دورانیہ 8.3 گھنٹے یومیہ ہے جبکہ ان کے مقابلے میں غیرملکی خواتین کی یومیہ ڈیوٹی کا دورانیہ 7.6 گھنٹے ہے۔
سروے میں مزید کہا گیا کہ ’45.8 فیصد کارکن ہفتے میں 40 گھنٹے ڈیوٹی دیتے ہیں‘۔
’کام کے ماحول کو بہتر بنانے کے لیے 46.6 فیصد کارکنوں کو صحت کو بہتر بنانے کے لیے ادارے کی جانب سے تربیت دینے کا اہتمام کیا جاتا ہے‘۔
جبکہ 59.2 فیصد کارکنوں کا باقاعدگی سے طبی معائنہ کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔