Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلاول بھٹو وزیراعظم کے اُمیدوار نامزد، ’نفرت کی سیاست دفن کریں گے‘

آصف علی زرداری نےوزیراعظم کے امیدوار کے طور پر بلاول بھٹو کا نام پیش کیا (فوٹو: پیپلز پارٹی میڈیا سیل)
پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے پارٹی کی جانب سے وزیراعظم کے اُمیدوار کے لیے بلاول بھٹو زرداری کے نام کی منظوری دے دی ہے۔
بدھ کو آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کی زیرِصدارت پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں عام انتخابات کے حوالے سے مہم، منشور اور سیاسی رابطوں کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق کمیٹی کے اراکین نے صدر پی پی پی پی آصف علی زرداری اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔
اس موقع پر آصف علی زرداری نے پارٹی کی جانب سے وزیراعظم کے امیدوار کے طور پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا نام پیش کیا جس کی کمیٹی نے توثیق کر دی۔
بلاول بھٹو زرداری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا کہ ’میں پاکستان کے وزیر اعظم کے لیے اپنی پارٹی کی نامزدگی کو قبول کرتا ہوں۔ آٹھ فروری کو ہمیں نفرت اور تقسیم کی پرانی سیاست کو ختم کرنا ہو گا۔ ہمارا 10 نکاتی منصوبہ بہت سے افراد کے مفادات کو پورا کرے گا نہ کہ صرف چند مراعات یافتہ لوگوں کے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم مل کر غربت، بے روزگاری اور مہنگائی کو شکست دیں گے۔ ہم سب مل کر ایک پُرامن، خوشحال اور ترقی پسند پاکستان بنائیں گے۔‘
سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’پیپلز پارٹی کسی سیاستدان یا سیاسی جماعت کو مخالف نہیں سمجھتی۔ پیپلزپارٹی نفرت کی سیاست کو دفن کرکے آگے بڑھنا چاہتی ہے۔ چاہتے ہیں ایسے معاشی پلان لے کر آئیں جس سے عام آدمی کو فائدہ ہو۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پی ٹی آئی اور ن لیگ اشرافیہ کی نمائندگی کرتے ہیں۔ بینظیر بھٹو اور قائد عوام نے عام آدمی کی نمائندگی کی اب میں کروں گا۔‘
بلاول بھٹو نے 10 نکاتی منشور پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام سے 10وعدے کیے ہیں جنہیں پورا کریں گے۔
’منشور کے تحت تنخواہیں بڑھائیں گے،پسماندہ علاقوں میں سولر بجلی لائیں گے۔سولر پارک بناکر عوام کو 300 یونٹ مفت بجلی فراہم کریں گے۔ مفت تعلیم اور مفت صحت کی سہولیات فراہم کریں گے۔ سندھ میں سیلاب متاثرین کو گھر بنا کر دے رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ملک بھر میں عوام کو زمین کے مالکانہ حقوق دیں گے۔ بےنظیر کارڈ کے بعد کسانوں کے لیے کسان کارڈ لائیں گے۔ مزدوروں کو سوشل سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے مزدور کارڈ لائیں گے۔ نوجوانون کو ایک سال کے لیے مالی مدد فراہم کریں گے،طلبہ کو قرض کی سہولت فراہم کریں گے۔‘

شیئر: