’ذاتی گاڑی نہیں، بھائی کی مقروض‘، مریم نواز کے اثاثوں کی تفصیل جاری
الیکشن کمیشن کے پاس جمع اثاثوں کی تفصیلات کے مطابق مریم نواز کسی گاڑی کی مالک نہیں ہیں (فائل فوٹو: ایکس)
مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف کے اثاثوں کی تفصیلات منظرِعام پر آگئی ہیں۔
لاہور سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 119 کے لیے جمع کرائے گئے کاعذات نامزدگی کے ساتھ مریم نواز نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات بھی دی ہیں۔
اثاثوں کی تفصیلات کے مطابق مریم نواز اپنے بھائی حسن نواز کی 2 کروڑ 89 لاکھ روپے سے زائد کی مقروض ہیں۔
انہوں نے اپنے اثاثوں میں لاہور کے مختلف موضع جات میں 84 کروڑ 25 لاکھ 84 ہزار روپے سے زائد مالیت کی 1500 کنال سے زائد اراضی ظاہر کی ہے۔
مریم نواز شریف نے اثاثوں میں ایک سال کے دوران 40 لاکھ روپے سے زائد کا اضافہ ظاہر کیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے پاس جمع تفصیلات کے مطابق مریم نواز کسی گاڑی کی مالک نہیں ہیں۔
مسلم لیگ ن کی سینیئر نائب صدر نے 17 لاکھ 50 ہزار روپے مالیت کا سونا بھی اپنی ملکیت ظاہر کیا ہے۔
ان کے پاس مختلف بینک اکاؤنٹس اور نقد کی صورت میں ایک کروڑ روپے سے زائد کی رقم موجود ہے۔
مریم نواز نے اثاثوں میں ایک کروڑ 22 لاکھ روپے مالیت کے مختلف کمپنیوں میں 11 لاکھ 20 ہزار شیئرز بھی ظاہر کیے ہیں۔
انہوں نے مسلم لیگ ن کو پارٹی ٹکٹ کے لیے 2 لاکھ روپے کی ادائیگی بھی اپنے کاغذات نامزدگی میں ظاہر کی ہے۔
کاغذات نامزدگی میں مریم نواز شریف نے اپنی تعلیمی قابلیت ایم اے انگلش لٹریچر ظاہر کی ہے۔