پاکستان کی بڑی سیاسی جماعتوں نے ایوان بالا (سینیٹ) کی اس قرارداد کو مسترد کردیا ہے جس میں فروری 2024 میں ہونے والے عام انتخابات کو ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) نے سینیٹ کی قرارداد سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے سینیٹ میں الیکشن ملتوی کرانے کے حوالے سے منظور کی گئی قرارداد کی مخالفت کرتے ہوئے کراچی میں نیوز کانفرنس کے دوران اعلان کیا کہ ’ان کی جماعت وقت پر انتخابات کا انعقاد چاہتی ہے۔‘
مزید پڑھیں
قرارداد کی مخالفت نہ کرنے پر پیپلز پارٹی کا سینیٹر بہرہ مند تنگی کو شوکاز نوٹس
پیپلز پارٹی نے قرارداد کی منظوری کے وقت اس کی مخالفت نہ کرنے پر پیپلز پارٹی نے اپنے سینیٹر بہرہ مند تنگی اور پی ٹی آئی نے اپنے سینیٹر گُردیپ سنگھ کو کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔
بعدازاں جی نیوز چینل جیو سے گفتگو میں سینیٹر بہرہ مند تنگی نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے قرارداد کی مخالفت کی تھی اور ’نو‘ کہا تھا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کے ساتھ مسلم لیگ ن کے سینیٹر افنان اللہ خان اور پی ٹی آئی کے گردیپ سنگھ نے بھی ’نو‘ کہا تھا۔
سپریم کورٹ سینیٹ کی قرارداد کا نوٹس لے: تحریک انصاف
پاکستان تحریک انصاف نے بھی سینیٹ سے منظور ہونے والی اس قرارداد کی مخالفت کرتے ہوئے اسے سازش قرار دیا۔
ترجمان تحریک انصاف نے اس قرارداد پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’پی ٹی آئی نے ایوانِ بالا سے انتخابات کے التوا کی غیرآئینی، غیرقانونی اور غیرجمہوری قرارداد کی منظوری کو نہایت شرمناک قرار دے کر مسترد کر دیا ہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’عدالتِ عظمیٰ انتخابات کے التوا کی کوششوں کا نوٹس لے اور ان کا مؤثر تدارک کرے۔‘
پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ ن نے بھی انتخابات ملتوی کرانے کے لیے ایوان بالا سے منظور کی گئی قرارداد کی حمایت نہیں کی۔
مسلم لیگ ن کا دوٹوک فیصلہ ہے کہ 8 فروری کو عام انتخابات ہوں: مریم اورنگزیب
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا کہ ’ان کی پارٹی کا دوٹوک فیصلہ ہے کہ 8 فروری 2024 کو عام انتخابات کا انعقاد ہو۔‘
ایکس اکاؤنٹ پر جاری بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ’الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق انتخابات کی بھرپور تیاریاں جاری ہیں۔‘
مسلم لیگ(ن) کا دوٹوک فیصلہ ہے کہ 8 فروری 2024 کو عام انتخابات ہوں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق انتخابات کی بھرپور تیاریاں جاری ہیں۔ عوام 8 فروری کو اپنی رائے کا حق استعمال کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی، امن اور خوشحالی کے حق میں فیصلہ کرے گی۔ اچھے دنوں کے آغاز…
— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) January 5, 2024