Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اداکاروں کی بیٹھک کا اہتمام‘، کرتارپور میں پاکستانی اور انڈین ستاروں کی ملاقات

باباگرونانک کی 550 ویں سالگرہ کے موقع پر نومبر 2019 میں گوردوارہ کرتارپور کا افتتاح ہوا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
کرتارپور کی انتظامیہ کے مطابق آج پاکستانی اور انڈین اداکار گوردوارہ دربار صاحب پر ملاقات کریں گے۔
گوردوارہ کرتارپور سکھ مذہب کے ماننے والوں کے لیے دوسرا بڑا مذہبی مقام ہے۔ یہ تحصیل شکر گڑھ میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان سرحد پر چار کلومیٹر پاکستان کے اندر واقع ہے۔
سنیچر کو پراجیکٹ منیجمنٹ یونٹ کرتارپور کے ترجمان نے اُردو نیوز کو بتایا کہ کرتار پور میں انڈین یاتریوں اور شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی آمد کا سلسلہ کافی دنوں سے چل رہا ہے۔
تاہم کرتارپور انتظامیہ نے فنکاروں کے نام بتانے سے گریز کیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ کئی اداکار اور موسیقار آ چکے ہیں اور بھی کئی لوگ آ رہے ہیں۔
اسسٹنٹ پرائیویٹ سیکریٹری اعجاز کا کہنا ہے کہ عام طور پر جب یاتری آتے ہیں تو ان میں ہندو اور سکھ مذہب سے تعلق رکھنے والے ہوتے ہیں تاہم اب اداکاروں کی آمد کا سلسلہ بھی شروع ہوا ہے۔
’ہماری طرف سے ان کے لیے اندرونی ٹرانسپورٹ اور کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔ ان کی رہائش اور دیگر بنیادی ضروریات کا بھی خاص خیال رکھا گیا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’جب اس طرح شوبز سے تعلق رکھنے والے یاتریوں کی آمد ہوتی ہے تو ان کے لیے ایک سپیشل پروٹوکول کا اہتمام کیا جاتا ہے جو اس بار بھی کیا گیا ہے جہاں ان کے لیے گائیڈز بھی موجود ہوتے ہیں جو ان کو گوردوارے میں سہولت فراہم کرتے ہیں۔
’ان کے مطابق شوبز ستاروں کی مذہبی رسومات اور بیٹھک کے لیے بھی انتظام کیا گیا ہے۔‘

شیئر: