اماراتی پاسپورٹ 2024 میں دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس میں سرفہرست
اماراتی پاسپورٹ ہولڈر اب دنیا کے 180 ممالک کا سفر کرسکتے ہیں (فوٹو: خلیج ٹائمز)
پاسپورٹ انڈیکس گراف کی درجہ بندی کے مطابق متحدہ عرب امارات کا پاسپورٹ 2024 میں بھی دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس میں سرفہرست ہے۔
سبق ویب کے مطابق اماراتی پاسپورٹ نے جرمنی، سپین، فرانس، اٹلی اور ہالینڈ کے پاسپورٹ کو پیچھے چھوڑ دیا جو کئی سال سے دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس شمار ہورہے تھے۔
اماراتی پاسپورٹ ہولڈراب دنیا کے 180 ممالک کا سفر کرسکتے ہیں۔ ان میں 131 ممالک کے سفر کے لیے پیشگی ویزے کی ضرورت نہیں جبکہ 49 ممالک ایسے ہیں جہاں پہنچنے پر اماراتی پاسپورٹ ہولڈر کو ویزا جاری کیا جاتا ہے۔
طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست میں جرمنی، سپین، فرانس، اٹلی اور ہالینڈ دوسرے نمبر پر ہیں۔ ان پانچوں یورپی ملکوں کے پاسپورٹ ہولڈرز 178 ممالک کا سفر پیشگی ویزے کے بغیر کرسکتے ہیں۔
سویڈن، فن لینڈ، لکسمبرگ، آسٹریا اور سوئٹزرلینڈ کے پاسپورٹ ہولڈر 177 ممالک کا سفر کرسکتے ہیں۔
سال رواں تین ممالک کے پاسپورٹس درجہ بندی میں انتہائی نچلی سطح پر ہیں۔ ان میں عراق، افغانستان اور شام شامل ہیں۔