اماراتی پاسپورٹ ہولڈرز یکم نومبر سے ویزے کے بغیر جاپان جا سکیں گے
جمعہ 14 اکتوبر 2022 18:42
امارات کے شہری ویزے کے بغیر 176 ممالک کا سفر کرسکتے ہیں(فوٹو امارات الیوم)
جاپان میں میں متحدہ عرب امارات کے سفارتخانے نے کہا ہے کہ’ اماراتی پاسپورٹ ہولڈرز یکم نومبر 2022 سے پیشگی ویزا لیے بغیر جاپان آسکتے ہیں بشرطیکہ سفر کا دورانیہ 30 دن سے زیادہ کا نہ ہو‘۔
الامارات الیوم کے مطابق سفارتخانے نے بیان میں کہا کہ’ اماراتی پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ضروری ہے کہ وہ جاپان آمد سے قبل 72 گھنٹے قبل کرائے گئے پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ ہمراہ رکھیں‘۔
سفارتخانے نے کہا کہ’ اگرجاپان میں منظورشدہ کووڈ ویکسین سرٹیفکیٹ موجود ہوتو وہ بھی ایسی صورت میں کافی ہوگا‘۔
یاد رہے کہ جاپان نے ستمبر میں متحدہ عرب امارات کے شہریوں کو ویزے کے بغیر جاپان میں داخلے کی اجازت دی تھی تاہم اس کی تاریخ کا اعلان نہیں کیاگیا تھا۔
متحدہ عرب امارات کے شہری ویزے یا انٹرنیٹ کے ذریعے ای ویزا حاصل کیے بغیر 176 ممالک کا سفر کرسکتے ہیں۔ گزشتہ ہفتے تک اس طرح کے ملکوں کی تعداد 175 تک تھی۔ اقوام متحدہ کے رکن ملکوں کی کل تعداد 198 ہے۔