محمد رضوان پاکستان کی ٹی20 ٹیم کے نائب کپتان مقرر
آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں محمد رضوان کی کارکردگی مناسب رہی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو پاکستان کی ٹی20 ٹیم کا نائب کپتان مقرر کر دیا ہے۔
پی سی بی نے پیر کو اپنے ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر محمد رضوان کو نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز کے لیے ٹیم کا نائب کپتان مقرر کرنے کی خبر شیئر کی۔
محمد رضوان اس وقت شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز کھیلنے والے پاکستانی سکواڈ میں شامل ہیں۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی20 میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز 12 جنوری سے آکلینڈ میں ہو رہا ہے۔
اس سے قبل آسٹریلیا نے اپنی ہوم ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کو وائٹ واش کیا تھا۔ تاہم محمد رضوان جنہیں سرفراز احمد کی جگہ دوسرے ٹیسٹ میں شامل کیا گیا تھا، ان کی کارکردگی مناسب رہی اور انہوں نے کئی مواقع پر ٹیم کی ڈوبتی ناؤ کو پار لگانے کوشش کی۔
دورۂ نیوزی لینڈ کے لیے ٹی 20 سکواڈ
17 رکنی ٹی20 سکواڈ میں کپتان شاہین آفریدی، محمد رضوان، عامر جمال، عباس آفریدی، ابرار احمد، اعظم خان، بابراعظم، فخر زمان، حارث رؤف، حسیب اللہ، افتخار احمد، محمد نواز، وسیم جونیئر، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، اسامہ میر اور زمان خان شامل ہیں۔