Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سڈنی میں پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست، آسٹریلیا کا وائٹ واش

عامر جمال نے اس سیریز میں اپنے ٹیلنٹ کو ثابت کیا اور بولنگ کے ساتھ ساتھ عمدہ بیٹنگ بھی کی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلیا نے تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر وائٹ واش کر دیا ہے۔
سنیچر کو سڈنی میں آسٹریلیا نے 130 رنز کا ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل باآسانی کر لیا۔ اپنا آخری ٹیسٹ میچ کھیلنے والے ڈیوڈ وارنر نے 57 رنز بنائے جبکہ مارنس لبوشین 62 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
عامر جمال کو ان کی آل راؤنڈر کارکردگی کی بنا پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ ملا جبکہ پیٹ کمنز تین ٹیسٹ میچز میں 19 وکٹیں لے کر مین آف دی سیریز رہے۔
کھیل کے چوتھے روز پاکستان نے سات وکٹوں پر 68 رنز سے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو پہلی اننگز کے ٹاپ سکورز محمد رضوان اور عامر جمال زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور بالترتیب 28 اور 18 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ یوں پوری ٹیم 115 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور آسٹریلیا کو 14 رنز کی برتری کے ساتھ 130 رنز کا ہدف دیا گیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے چار اور نیتھن لیون نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے محمد رضوان کے 88 اور عامر جمال کے 82 رنز کی بدولت 313 رنز بنائے تھے۔ آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔
آسٹریلیا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں عامر جمال کی عمدہ بولنگ کی بدولت 299 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔ مارنس لبوشین نے 60 اور مچل مارش 54 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ گرین شرٹس کی جانب سے جمال نے چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

ڈیوڈ وارنر نے اپنی ٹیسٹ اننگز میں 57 رنز بنائے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

امید کی جا رہی تھی کہ عمدہ بولنگ کے بعد پاکستانی بیٹرز اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور آسٹریلیا کو جیتنے کے لیے ایک مشکل ہدف دیا جائے گا لیکن شائقین کرکٹ کے سب خواب چکنا چور ہو گئے اور آسٹریلین بولنگ نے پاکستانی بیٹنگ لائن کو تاش کے پتوں کی طرح اڑا دیا۔
اس سیریز میں پاکستان کی ناقص بیٹنگ اور فیلڈنگ اس کے لیے درد سر بنی رہی یاں یوں کہہ لیں کہ گرین شرٹس کی ہار میں ان دونوں کا بنیادی کردار رہا جبکہ ناتجربہ کار بولنگ اٹیک نے سب کی امیدوں کے برخلاف نہایت عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ عامر جمال نے اس سیریز میں اپنے ٹیلنٹ کو ثابت کیا اور بولنگ کے ساتھ ساتھ عمدہ بیٹنگ بھی کی۔
سیریز کا پہلا ٹیسٹ آسٹریلیا نے 360 رنز کے بھاری بھرکم مارجن سے جیتا تھا جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کو 79 رنز سے شکست ہوئی تھی۔
 

شیئر: