راولپنڈی میں سمندر پار پاکستانی ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر قتل
پیر 8 جنوری 2024 12:38
صالح سفیر عباسی -اردو نیوز
اوورسیز پاکستانی مانچیسٹر سے راولپنڈی پہنچے تھے جب مسلح ڈاکوؤں نے انہیں قتل کیا۔ فوٹو: روئٹرز
بیرون ملک سے راولپنڈی پہنچنے والے ایک سمندر پار پاکستانی تصرف محمود کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل کر دیا گیا ہے۔
راولپنڈی پولیس کے پاس واقعے کی درج ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ اتوار کو مانچسٹر سے اسلام آباد پہنچنے والے سمندر پار پاکستانی تصرف محمود کو رینج روڈ راولپنڈی کے مقام پر پولیس وردیوں میں ملبوس ملزمان نے لوٹ لیا، اوور سیز پاکستانی نے دوران ڈکیتی مزاحمت کی جس پر مسلح ڈاکوؤں نے انہیں قتل کر دیا۔
راولپنڈی پولیس نے اردو نیوز کو بتایا کہ تصرف محمود کو سینے پر گولی لگی تھی جس کے باعث وہ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے، نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
تصرف محمود مانچیسٹر سے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے تھے جس کے بعد وہ اپنے کزن کے ہمراہ راولپنڈی کے علاقے ڈھوک چوہدریاں اپنے سسرال جا رہے تھے جب یہ واقع پیش آیا۔
ہلاک ہونے والے شہری سے مسلح ڈاکو ہینڈ کیری بیگ بھی چھین کر فرار ہو گئے جس میں غیر ملکی کرنسی، سفری دستاویزات اور دیگر قیمتی اشیا موجود تھیں۔
اس سے پہلے بھی راولپنڈی اور اسلام آباد میں ہونے والے کئی وارداتوں میں سمندر پار پاکستانیوں کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ایئر پورٹ کے قریب واقع راولپنڈی کے علاقوں میں ڈاکو کئی مرتبہ بیرون ملک سے واپس آنے والے مسافروں کو نشانہ بناتے آئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق سمندر پار پاکستانیوں کو لونٹے والا مبینہ گینگ ایئر پورٹ پر اترنے والے شہریوں کی ریکی کرتا ہے اور پھر مخصوص شہریوں کو لوٹتا ہے۔
زیادہ تر وارداتیں راولپنڈی شہر کے علاقوں روات، ایئر پورٹ روڈ، رینج روڈ اور کینٹ میں رپورٹ ہوئی ہیں۔
خیال رہے گذشہ ایک سال کے دوران اسلام آباد میں جرائم کی شرح میں بڑی حد تک اضافہ ہوا۔
اسلام آباد پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق 2023 کے دورن اسلام آباد میں قتل کی 179، ڈکیتی کی 15 اور راہزنی کی 2523 وارداتیں ہوئیں۔