Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ٹی آئی کے سابق رہنما عثمان ڈار کی والدہ ریحانہ ڈار کے کاغذات نامزدگی منظور

ریحانہ ڈار این اے 71 سیالکوٹ سے پاکستان تحریک انصاف کی امیدوار ہیں۔ (فوٹو: ایکس)
لاہور ہائی کورٹ کے ٹربیونل نے پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما عثمان ڈار کی والدہ ریحانہ امتیاز الدین ڈار کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دے دی ہے۔
منگل کو لاہور ہائی کورٹ میں عثمان ڈار کی والدہ ریحانہ ڈار اور بھابھی روبا عمر کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف دائر اپیلوں پر سماعت ہوئی۔
ریحانہ ڈار نے ٹریبیونل میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ وہ سیالکوٹ سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑ رہی ہیں جبکہ ان کے کاغذات نامزدگی سیاسی بنیادوں پر مسترد کیے گئے۔
درخواست میں کاغذات مسترد کرنے پر ریٹرننگ افسر کی جانب سے بتائی گئی وجوہات بتاتے ہوئے لکھا گیا کہ ’ان سے پوچھا گیا کہ ان کا کفیل کون ہے؟ ان پر 40 مرلہ اراضی جعلسازی سے ہتھیانے کا الزام لگایا گیا۔ عدالت ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا کا فیصلہ کالعدم قرار دے اور الیکشن لڑنے کی اجازت دے۔‘
سماعت کے دوران لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شکیل احمد نے اپیل منظور کرتے ہوئے ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دیا اور ریحانہ ڈار کو الیکشن لڑنے کی اجازت دی۔ 
ریحانہ ڈار این اے 71 سیالکوٹ سے پاکستان تحریک انصاف کی امیدوار ہیں، اور وہ ممکنہ طور پر پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار خواجہ آصف کا مقابلہ کریں گی۔
ریحانہ ڈار کے وکیل ابوذر سلمان نیازی نے ایکس (ٹوئٹر) پر سماعت کے بعد کی تصویر بھی شیئر کی جس میں ریحانہ ڈار کو ایڈووکیٹ سلمان اکرم راجہ کے ساتھ وکٹری کا نشان بناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ریحانہ ڈار نے ایک بیان میں الزام عائد کیا تھا کہ ’مصدقہ اطلاع کے مطابق ریٹرننگ افسر محمد اقبال خواجہ آصف کے دباؤ پر میرے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا ارادہ کر چکے ہیں۔ میں واضح کر دوں کہ کپتان کی کھلاڑی ہوں ،آخری بال تک خواجہ آصف کا مقابلہ کروں گی۔ ایسی کسی بھی غیرقانونی کوشش کو اعلٰی عدلیہ بشمول سپریم کورٹ تک چیلنج کروں گی۔‘
اس وقت ملک بھر میں کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت جاری ہے۔
اب تک پشاور این اے 30 سے سابق ایم پی اے شاندانہ گلزار، این اے 35 سے سابق وفاقی وزیر شہریار آفریدی کے کاغذات بھی منظور ہو چکے ہیں۔
اس کے علاوہ پی پی 138 سے وکیل ابوذر مقصود چدھڑ کے کاغذات بھی ٹریبیونل نے منظور کر لیے ہیں۔
دوسری طرف این اے 102 فیصل آباد سے مسلم لیگ ن کے رہنما عابد شیر علی کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کے خلاف اپیل پر بھی سماعت ہوئی تاہم جسٹس اسجد جاوید گھرال نے اپیل کو ناقابل سماعت قرار دے دیا۔

شیئر: