Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پشاور میں فیس بک لائیو کے دوران راہزنی کی واردات، شہری سے فون چھین لیا گیا

پشاور میں گن پوائنٹ پر صحافیوں سے موبائل چھیننے کے کئی واقعات پیش آئے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر پشاور میں حاجی کیمپ کے قریب موبائل چھیننے کا ایک واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب شہری فیس بک لائیو میں مصروف تھا۔
پشاور کے شہری ڈاکٹر ارشاد حاجی کیمپ کے علاقے میں سڑک پر چہل قدمی کرتے ہوئے فیس بک پر اپنے ویوورز سے لائیو مخاطب تھے کہ جب ایک موٹرسائیکل سوار نے جھپٹا مارا اور موبائل فون لے اڑا۔
ڈاکٹر ارشاد کے ہاتھ سے سمارٹ فون چھیننے کا منظر بھی فیس بک پر لائیو دیکھا گیا اور راہزن کا چہرہ بھی نظر آیا لیکن اس کے ساتھ ہی ویڈیو بند ہو گئی۔
انہوں نے اردو نیوز کو بتایا کہ وہ فیس بک پر میڈیکل کے شعبے سے متعلق اکثر لائیو ویڈیوز کرتے رہتے ہیں اور اپنے فالوورز کے سوالات کے جوابات بھی دیتے ہیں۔
ڈاکٹر راشد کا کہنا تھا ’اس رات دھند زیادہ تھی اور میں لائیو ویڈیو میں لائیو کمنٹس کے جواب دے رہا تھا کہ اس دوران راہزن نے موبائل چھین لیا جس میں اس کا چہرہ بھی دیکھا جا سکتا تھا۔‘
لائیو ویڈیو کے دوران فیس بک  فالورز نے موبائل چھیننے والوں سے ہوشیار رہنے کا مشورہ بھی دیا۔
ڈاکٹر راشد نے بتایا کہ ان کا موبائل فون تو واپس نہیں مل سکا لیکن نمبر کی سِم اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس ریکور ہو گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ راہزن کی تصویر بھی ان کے پاس محفوظ ہے۔
ڈاکٹر راشد کے مطابق پولیس کو صرف واقعے کی اطلاع دی تھی، مقدمہ درج نہیں کروایا تھا تاہم اپنے طور پر چور کا پتا لگا رہے ہیں اور امید ہے کہ وہ تصویر کی وجہ سے جلد گرفتار ہو جائے گا۔
دوسری جانب فقیر آباد سرکل پولیس نے موقف اپنایا ہے کہ اس واقعے سے متعلق ابھی تک کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی تاہم متاثرہ شہری کی جانب سے مقدمہ درج ہوتے ہی کیس کی تفتیش کی جائے گی۔
پولیس نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ رات کے وقت سنسان راستوں پر موبائل فون استعمال کرنے سے گریز کریں۔

شیئر: