Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیپال کے سٹار کرکٹر سندیپ لامیچانے کو ریپ کیس میں 8 برس قید کی سزا

سندیپ لمیچانے نیپال کی جانب سے 51 ون ڈے اور 52 ٹی20 میچ کھیل چکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
نیپال کے سٹار کرکٹر سندیپ لامیچانے کو ریپ کیس میں 8 برس کی قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔
ویب سائٹ ’دی ہندو‘ کے مطابق عدالت کے ترجمان رامو شرما کے مطابق جج شِشِر راج دھاکل نے بدھ کو ہونے والی سماعت کے بعد سندیپ لامیچانے کو 8 برس قید سزا سنانے کے ساتھ ساتھ تین لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا۔
صرف یہ ہی نہیں، عدالت نے سندیپ لامیچانے کو متاثرہ لڑکی کو دو لاکھ روپے ہرجانہ دینے کا بھی حکم سنایا۔ 
اس سے قبل 23 برس کے لیگ سپنر پر دسمبر 2023 میں جرم ثابت ہوا تھا۔
سندیپ لامیچانے پر گذشتہ برس دارالحکومت کھٹمنڈو کے ہوٹل میں 17 برس کی لڑکی کا ریپ کرنے کا الزام لگا تھا جس کے بعد وہ ضمانت پر رہا ہوئے اور قومی کرکٹ ٹیم کے سکواڈ کا حصہ بن گئے۔
گذشتہ برس جب حکام نے سندیپ لامیچانے کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تو وہ جمیکا میں کیربیئن پریمیئر لیگ کھیل رہے تھے۔ اس وقت وہ واپس نہیں آئے۔
بعد میں انہیں کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے ہٹا دیا گیا تھا۔ گرفتار ہونے کے بعد جب انہیں ضمانت پر رہائی ملی تو ان کے کھیلنے پر پابندی بھی ہٹا دی گئی تھی۔
اس کے بعد وہ نہ صرف نیپال کی قومی ٹیم کا حصہ رہے بلکہ انہوں نے ورلڈ کپ اور ستمبر میں ہونے والا ایشیا کپ بھی کھیلا۔
سندیپ لامیچانے خود پر لگائے گئے الزام کو تسلسل کے ساتھ مسترد کرتے رہے اور انہیں عوامی حمایت بھی حاصل رہی۔
خیال رہے سندیپ لمیچانے نیپال کی جانب سے 51 ون ڈے اور 52 ٹی20 میچ کھیل چکے ہیں جن میں انہوں نے بالترتیب 112 اور 98 وکٹیں حاصل کیں۔

شیئر: